سکھر (بیورو رپورٹ)ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلو نے پولیو مہم کے دوران فنگر مارکنگ اور دیگر معاملات میں کوتاہی برتنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایچ او اور محکمہ صحت کے دیگر افسران کو ہدایت کی کہ فنگر مارکنگ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو مختلف کلسٹرز کا معائنہ کرکے معیاری کام اور مانیٹرنگ کی ناکامیوں کی وجوہات معلوم کریگی جبکہ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی ۔ وہ اپنے آفس کے کانفرنس روم میں پولیو کے خاتمے کے لیے تشکیل کردہ ضلعی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ مہم سے پہلے فنگر مارکنگ میں استعمال ہونے والے مارکرز کو چیک کیا جائے اور غیر معیاری مارکرز کے متعلق ڈسٹرکٹ پولیو کنٹرول روم کو پیشگی اطلاع دی جائے ۔ ڈی سی سکھر نے موٹر وے افسران کو کہا کہ ہر ٹرانزٹ پوائنٹ پر چیکنگ کے لیے گاڑیوں کو روکا جائے تا کہ ہجرت کرکے آنے والے خاندانوں کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جاسکیں۔ اجلاس کے دوران آئی آر ڈی کے نمائندے نے بتایا کہ آئندہ پولیو مہم میں ویکسینیٹرز کو ڈیجیٹل امیونائزیشن موبائلز دیئے جائینگے جس میں ویکسینیٹرز کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائیگا ۔