• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمہوریت خطرے میں، بھارتی سپریم کورٹ کے چارسینئر ججوں کے چیف جسٹس پر الزامات

Todays Print

نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارتی سپریم کورٹ کے 4سینئر ترین ججوں نے چیف جسٹس آف انڈیا دیپک مشرا کے خلاف محاذ کھول دیا ہے اور ان کے خلاف عملاً بغاوت کر دی ہے۔ججوں نے ایک خط اور پریس کانفرنس میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی اتھارٹی کو چیلنج کیا ہے۔ چاروں ججز نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ایڈمنسٹریشن ٹھیک نہیں چل رہی، اگر عدلیہ غیر جانبدار نہیں رہے گی تو ملک سے جمہوریت کا خاتمہ ہو جائے گا، عدلیہ میں بدعنوانیوں کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں مگر چیف جسٹس اس ضمن میں کچھ نہیں کر رہے ہیں، قوم کو چیف جسٹس کے مواخذے کے بارے میں فیصلہ کرنے دیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق چاروں ججوں نے غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے جمعے کو نئی دہلی میں ایک نیوز کانفرنس کی جس میں چیف جسٹس کے طریقۂ کار پر اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کو نہیں بچایا گیا تو ملک سے جمہوریت ختم ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس عدالتی اصولوں کے خلاف اپنی پسند کے مطابق مختلف بینچوں کو کیسز متعین کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ جب تک عدالتی ضابطہ کار کی پاسد ار ی نہیں کی جائے گی تو ملک میں جمہوریت نہیں رہے گی۔ چیف جسٹس کے بعد سپریم کورٹ کے سب سے سینئر جج جسٹس چیلا میشورم نے دیگر ججوں رنجن گوگوئی، مدن لوکور اور کورین جوزف کے ساتھ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کے قانون کے لیے آج کا دن بہت بڑا ہے۔ یہ بہت بڑا واقعہ ہے کیونکہ ہمیں میڈیا سے بات کرنے کے لیے مجبور ہونا پڑا۔انھوں نے کہا کہ ہم نے پریس کانفرنس اس لیے کی تاکہ کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ ہم نے اپنی روح گروی رکھ دی ہے۔ان چاروں جج حضرات نے چیف جسٹس کے طریقۂ کار کی مخالفت کرتے ہوئے چار ماہ قبل انھیں ایک مکتوب لکھا تھا جس میں انتہائی اہم مقدمات کو ان لوگوں سے لے کر جونیئر ججوں کے حوالے کرنے پر ناپسندیدگی ظاہر کی گئی تھی۔پریس کانفرنس کے دوران ججوں کا کہنا تھا کہ انھیں سہراب الدین جعلی مقابلے کی تحقیقات کرنے والے جسٹس بی ایچ لویا کی پراسرار موت کے معاملے کو ایک جونیئر بینچ کے سپرد کرنے پر بھی تحفظات ہیں۔ججوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اپنی گزارشات کے ساتھ جسٹس دیپک مشرا سے ملاقات کی تھی مگر وہ قائل نہیں ہوئے۔ لہٰذا ان کے بقول ہمارے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا کہ ہم میڈیا کے توسط سے قوم سے مخاطب ہوں۔ججوں نے کہا کہ انہوں نے اصلاحی قدم اٹھانے کی کئی بار کوشش کی مگر بد قسمتی سے وہ ناکام رہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ سپریم کورٹ میں ایڈمنسٹریشن ٹھیک نہیں چل رہی ہے۔جج حضرات نے کہا کہ چیف جسٹس مساوی حیثیت کے ججوں میں اول ہیں اور اس کے علاوہ کچھ نہیں۔ اگر عدلیہ غیر جانبدار نہیں رہے گی تو ملک سے جمہوریت کا خاتمہ ہو جائے گا۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ عدلیہ میں بدعنوانیوں کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں مگر چیف جسٹس اس ضمن میں کچھ نہیں کر رہے ہیں۔جب ان ججوں سے پوچھا گیا کہ کیا چیف جسٹس کو ان کے منصب سے برطرف کر دیا جانا چاہیے؟ تو انھوں نے کہا کہ قوم کو ان کے مواخذے کے بارے میں فیصلہ کرنے دیا جائے۔چاروں ججوں نے بیک آواز کہا کہ عدلیہ میں بہت سی ناپسندیدہ باتیں ہو رہی ہیں۔نیوز کانفرنس سے چند منٹ قبل سپریم کورٹ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ جسٹس لویا کی پراسرار موت ایک سنگین معاملہ ہے اور عدالت نے مہاراشٹر حکومت سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے سے متعلق تمام دستاو یزات پیر کو عدالت میں پیش کرے۔جسٹس لویا گجرات کے سہراب الدین جعلی مقابلے کی سماعت کر رہے تھے جس میں بی جے پی کے صدر امت شاہ کلیدی ملزم ہیں اور وہ اس معاملے میں جیل بھی کاٹ چکے ہیں۔جج کے اہلِ خانہ نے ان کی پراسرار موت پر سوال اٹھایا تھا اور ان کی ایک بہن نے الزام لگایا تھا کہ انھیں کروڑوں روپے کی پیشکش کی گئی تھی۔جج حضرات نے جو مکتوب لکھا ہے اس میں انھوں نے کہا ہے کہ چیف جسٹس مقدمات کی تقسیم میں قوانین کی پابندی نہیں کر رہے ہیں۔ وہ اہم معاملوں کو جو سپریم کورٹ کی یکجہتی کو متاثر کرتے ہوں اپنی پسند کے بینچوں کے حوالے کر دیتے ہیں جس سے عدلیہ کا وقار مجروح ہو رہا ہے۔جمعے کو ہونے والی ججوں کی پریس کانفرنس میں کئی سینئر وکلا نے بھی شرکت کی جن میں سابق اٹارنی جنرل سولی سوراب جی بھی شامل تھے۔ بعض سابق ججوں نے بھی پریس کانفرنس کرنے والے جج حضرات کے اس اقدام کی حمایت کی ہے۔یہ پریس کانفرنس سپریم کورٹ کی ریذیڈنس پر ہوئی۔

تازہ ترین