اسلام آباد (نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نےʼʼ بنی گالا میں تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران تمام فریقین کوآئندہ سماعت تک مسائل کی نشاندہی اور حل کیلئے تجاویز پیش کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کردی ہے ،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل تین رکنی بنچ نے جمعہ کے روز از خود نوٹس کیس کی سماعت کی تو چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرنا پڑے گا، ایک مسئلہ غیرقانونی الاٹمنٹ کا بھی ہے، کیا بنی گالا قانون سے بالاترہے، جو غیرقانونی تعمیرات ہوئی ہیں؟اگر درخواست گزار عمران خان کے پاس گھر کا نقشہ ہے تو اسے پاس کروا لیں، لیڈر کو ہر معاملے میں فرنٹ سے لیڈ کرنا چاہیے،درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عمران خان کا گھرغیرقانونی تعمیرات میں شامل نہیں ہے ،جس پر فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے کبھی بھی عمران خان کے گھر کو غیرقانونی ہونے کا نہیں کہا ہے ، مسئلے کے حل کیلئے تجاویز دی جائیں ، بہت سے لوگوں نے درخواست دی ہے درخواست گزار کا اپنا گھر بھی غیرقانونی ہے، اگر ان کی تعمیرات قانون کے مطابق ہیں تو ٹھیک ہے، عدالت نے تعمیرات کو تباہ نہیں کرنا ہے ،بعد ازاں فاضل عدالت نے تمام فریقین کو مسائل کی نشاندہی اور حل کیلئے آئندہ سماعت تک تجاویز پیش کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔