• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وی وی آئی پی موومنٹ،شہریوں کو تکلیف سے بچایاجائے،چیف جسٹس

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں وی وی آئی پی موومنٹ از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ وی وی آئی پی موومنٹ چاہے سیاسی رہنماؤں کی ہو یا کسی اور کی، شہریوں کو تکلیف سے بچایا جائے ‘ میں بھی تو وی وی آئی پی ہوں‘میرے لیے تو سٹرک بلاک نہیں ہوتی ، ہم شہریوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے ۔چیف جسٹس نے وی وی آئی پی موونٹ کے دوران سڑک مستقل بند نہ کرنے سے متعلق آئی جی سندھ کو حلف نامہ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے از خودنوٹس کیس کو نمٹادیا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹر ی میں ہفتہ کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سر براہی میں قائم تین رکنی بینچ کے رو برو وی وی آئی پی موومنٹ از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی ‘سماعت کے دوران آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ عدالت میں پیش ہوئے‘تین رکنی بنچ میں جسٹس میاں ثاقب نثار ‘جسٹس فیصل عرب اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل تھے‘چیف جسٹس نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ بتائیں شہریوں کے حقوق کیا ہیں؟وی وی آئی پی موومنٹ کے دوران سڑکیں بند کرنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، وی وی آئی پیز کے لیے قوانین موجود ہیں‘آئی جی سندھ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ کہیں سڑکیں بند نہیں ہوتی ہے صرف موومنٹ کے لیے انتظامات کیے جاتے ہیں،،چیف جسٹس نےآئی جی سندھ سے مکالمہ کیا کہ آپ انتظامات ضرور کریں مگر شہریوں کو تکلیف نہ ہو‘آئی جی سندھ نے کہا کہ ہم صرف دو منٹ کے لیے ٹریفک بند کرتے ہیں‘ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ ایسے انتظامات کریں جس سے شہریوں کو تکلیف نہ ہوں‘چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے وی وی آئی پی موومنٹ کے دوران مستقل سڑک بند نہ کرنے سے متعلق آئی جی سندھ کو حلف نامہ جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے ، آپ کے حلف نامہ کا جائزہ لیں گے‘عدالت نے از خود نوٹس کیس کو نمٹادیا ہے۔
تازہ ترین