کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان انتظار احمد کےوالدین نے تفتیش پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس سے کوئی امید نہیں، چیف جسٹس اور آرمی چیف انصاف دلوائیں۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر کے اندراج میں ان کا موقف لیا ہی نہیں گيا، لاش حوالے کرنے میں بھی انتظار کرایا گیا، مقتول انتظار احمد کے والدین کہتے ہیں کہ کوئی شنوائی نہیں ہورہی، انہیں بچے کا قاتل چاہیے، بے قصور بچے کوقتل کردیا گیا۔
مقتول انتظار کے اہل خانہ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ میرے بے قصور بچے کو قتل کیا گیا، انتظار19 نومبر کو بیرون ملک سےچھٹیوں پر آیاتھا۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ہمیں جو بھی پتا چلا وہ میڈیا سے پتا چلا ہے، کسی پولیس افسرنے ہم سے رابطہ نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی اشارے پرنہیں رکتا تو کیااسے ماردیا جائے گا؟ کیا اس ملک میں جنگل کا قانون چل رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری معلومات کےمطابق انتظار کےساتھ کوئی لڑکی نہیں تھی۔ پولیس قتل کو حادثے کی شکل دینےکی کوشش کررہی ہے۔