• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول جسےبی بی کاقاتل کہتے ہیں اسےگارڈ آف آنر دیا، خواجہ آصف

Zardari Gave God Of Honor To Killer Of Bb Khawaja Asif

وزیر خارجہ خواجہ آصف کہتے ہیں کہ بلاول جسےبی بی کاقاتل کہتےہیں اس کو گارڈ آف آنر دیا گیا،جبکہ زرداری صاحب اس کو صدر رکھنے پر مصر تھے۔

متحدہ اپوزیشن کے آج ہونے والے جلسے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ زرداری صاحب اب اوروں کے قاتل پکڑنے کے لیے جلسے کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری وفاقی وصوبائی حکومتوں میں رہنے کے باوجود اپنی بیوی کےقاتل نہ پکڑ سکے۔

علاوہ ازیں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہ امریکا سے بگاڑ چاہتے ہیں اور نہ ہی اپنے وقار پہ سمجھوتا کریں گے، امریکی امداد کے بغیر زندہ رہنا ہوگا، ایسے طعنے دوبارہ نہیں سننا چاہتے کہ ایک شخص صبح 4بجے اٹھ کر امداد کا طعنہ دے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ امریکی نائب معاون وزیر خارجہ کے دورے سے لگتا ہے، امریکا پاکستان سے تعلقات کو بہتر کرنا چاہتا ہے،پاکستان امریکا کو زمینی اور فضائی سہولتیں مفت فراہم کر رہا ہے۔

اس سے قبل وزیر خارجہ خواجہ آصف نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کو بتایا کہ چین نے سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے کی خواہش کا اظہار کیاہے اور پاکستان بھی اس منصوبے کا حامی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کا اجلاس سینیٹر نزہت صادق کی صدارت میں ہوا، کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات میں توازن چاہتا ہے، کسی صورت قومی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ امریکی سیاسی و فوجی قیادت کو بتا دیا ہے کہ ان سے کوئی امداد نہیں چاہیے، امریکا اپنی ناکامی کا الزام پاکستان کو نہ دے۔

دہشت گردی سے متعلق فتوے کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ جہاد یا جہادی تنظیموں کو قومی دھارے میں نہیں لا یا جارہا، خود کش حملہ زمین پر ہو یا چاند پر، حرام ہے، جو بھی جہادی تنظیم پاکستان سے کہیں بھی کام کرے، فتوے کے تحت غلط ہے۔

قطر سے افغان طالبان کی پاکستان آمد سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اس طرح کی کوئی اطلاعات نہیں۔

سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کمیٹی کوسعودی عرب میں لاپتہ افراد کامعاملہ جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ یکم فروری کو وزیر مذہبی امور سعودی عرب کے دورے کے دوران یہ معاملے کو اٹھائیں گے،تلور کے شکار کے حوالے سے معاملے کو کمیٹی کے اگلے اجلاس تک مؤخر کر دیا گیا۔

تازہ ترین