• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوفی محمد نے ملا فضل اللہ کو مرتد، شریعت کا باغی قرار دیدیا

Mullah Fazlullah Is Apostate And Rebel Of Sharia Says Sufi Muhammad

کالعدم تنظیم تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ صوفی محمد نےٹی ٹی پی کے سربراہ ملا فضل اللہ کو مرتد،شریعت کا باغی اور خوارج سےبھی بدتر قرار دیدیا ہے ۔

ایک انٹرویو میں صوفی محمد نے کہاکہ اسلام میں کسی بھی کلمہ گو کے قتل کی ممانعت ہے، مسلم ملک میں کسی غیر مسلم کو بھی قتل کرنا حرام ہے۔

ان کا مزید کہناتھاکہ پاک فوج سے لڑنا حرام ہے ،فوجی جوان ہمارے مجاہدین ہیں اگر فوج نہ ہوتی تو پاکستان کب کاتقسیم ہوچکا ہوتا ۔

عدالتی حکم پر حال ہی میں رہا ئی پانے والے صوفی محمد نے ملالہ پر حملے کو بھی غلط قرار دیااور کہا کہ خواتین اور بچوں کو مارنا حرام ہے پھر چاہے وہ کافر ہی کیوں نہ ہوں، اےپی ایس واقعے کے ذمےدار کافروں سے بھی بدتر ہیں۔

صوفی محمد نے بچیوں کے اسکولوں پر حملوں کو حرام قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کی تعلیم کی اجازت سے متعلق تحریری طور پر آگاہ کیا تھا اور وہ تعلیم کےخلاف نہیں ۔

ان کا مزید کہناتھاکہ فضل اللہ اور اس کے ساتھیوں نے میری تحریک ختم کی، میرے ساتھ سب سے زیادہ دشمنی فضل اللہ نے کی، اس نے غیر مسلموں سے بھی زیادہ اسلام کو نقصان پہنچایا ، ملا فضل اللہ نے طالبان سے رابطہ کیا اور ان کے ساتھ شامل ہوگیا، طالبان میں خوارج کی تمام نشانیاں موجود ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں پشاور ہائیکورٹ نے مولانا صوفی محمد کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کے احکامات جاری کیے تھے۔

مولانا صوفی محمد پر30 جولائی 2009 کو ایف آئی درج ہوئی تھی جس کے بعد انہیں 4 مارچ 2010 کو گرفتار کیا گیا تھا۔

تازہ ترین