• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حفاظتی ٹیکہ نہ لگنے سے نوشہروفیروز کے نواح میں جھٹکوں کی بیماری پھیلنے لگی

نوشہروفیروز (نامہ نگار) پیدائش کے وقت بچوں کو حفاظتی ٹیکہ نہ لگنے کے باعث مختلف نواحی گائوں میں جھٹکوں کی بیماری پھیل گئی ہے جس کے باعث 5 سالہ بچہ پیربخش ولد عبدالکریم مری جھٹکوں کی بیماری کے باعث جاں بحق ہوگيا ہے جبکہ پانچ بچوں کو تشویشناک حالت میں نوابشاہ مقامی میڈیکل سینٹر میں داخل کیا گیا ہے جن میں سجاد رسول مری، محمود اسد مری،اکمت اللہ، رحمت اللہ اور اسد مری شامل ہيں۔ دوسری جانب متاثرین خاندان کے اہلخانہ کی جانب سے محکمہ صحت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نےکہا کہ محکمہ صحت نوشہروفیروز کی نااہلی کے باعث جھٹکوں کی بیماری عیسی خان مری، فوٹو خان مری، صدر راجپر اور ديگر نواحی گائوں میں پھیلتی جارہی ہے جس کے باعث آس پاس کے علاقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دوسری جانب رابطہ کرنے پر ڈي ایچ او مظہر کلہوڑو نے بتایا کہ انکے آفس کوئي بھی علاقہ مکین شکایت لیکر نہیں آیا ہے، مجھے بھی آپ لوگوں کی جانب سے رابطہ کرنے پر پتا چلا ہے اور ڈاکٹروں کی ٹیميں تشکیل دیکر متاثرہ علائقوں میں ویکسین کرانے کا سلسلہ بہت جلد شروع کرادیا جائيگا۔
تازہ ترین