وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عزائم سے باخبر ہیں ،دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا جانا چاہیے ۔
اسلام آباد میں کائونٹر ٹیررازم فورس کے دستوں کی پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب میں کہا کہبھارت میں اسرائیلی اور بھارتی وزیر اعظم کی ملاقاتوں اور ٹرمپ کے عزائم سے باخبر ہیں، پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو مقابلہ کرنا جانتے ہیں ۔
ان کا مزید کہناتھاکہ اسلامی ریاست میں صرف ریاست ہی جہاد کی اجازت دے سکتی ہے، آج کا دور اقتصادی مقابلے کا ہے، اس اقتصادی جنگ کو جیتنے کے لئے امن کا قیام لازمی ہے، جس ملک میں امن نہیں ہوتا وہاں سے ترقی آنکھیں چرا لیتی ہے ۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ پولیس کے جوانوں اور آفیسرز نے دہشت گردی پر قابو پانے میں گراں قدر قربانی دی ہیں، پاک فوج اور پولیس سمیت دیگر سیکیورٹی اداروں کے شہداء ہمارے ہیرو ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے ہماری بیٹیاں بھی میدان میں اتری ہیں، ایک ایک دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی، علما نے پیغام پاکستان کے نام سے فتوی دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہمسایوں سے آبرو مندانہ تعلقات چاہتے ہیں، کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ کسی دوسرے ملک میں دہشت گردی کیلئے ہماری سرزمین استعمال کرے، نیشنل ایکشن پلان کے مقاصد کو ہر قیمت میں حاصل کرنا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ خطے میں امن کے لئے افغان مہاجرین کی باعزت واپسی لازمی ہے، پولیس کو کمیونٹی پولیسنگ کے لئے بھی تیار کریں گے۔
وزیرداخلہ نے پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کیا، تربیت مکمل کرنے والے اے ٹی سی فورس کے چاق و چوبند دستوں نے انہیں سلامی پیش کی۔