واشنگٹن (واجد علی شاہ)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے ڈرون حملوں پر احتجاج کرتے ہوئے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان سے معلومات کاتبادلہ کیا جائے ،ہم خود کارروائی کرینگے۔ ʼدہشت گرد اچھا یا برا نہیں ہوتا، دہشت گرد دہشت گرد ہوتا ہے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے،پاکستان نے ٹرمپ انتظامیہ سے اسٹریکچرڈ ڈائیلاگ کی بحالی کیلئے کہا ہے ،وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے یہ بات اعلی حکام سے ملاقات میں کہی ہے ۔وزیر خارجہ ریکس ٹلر سن اور سیکریٹری دفاع جیمز میٹس نے بھی اپنے اسلام آباد دوروں کے دوران اس معاملے پر زور دیاتھا۔ دونوں سفارتکاروں نے بات کی تھی کہ دوطرفہ معاملات کو عوامی سطح پر نہیں اُٹھایا جائے گا۔احسن اقبال نے جمعرات کو بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سکیورٹی خدشات نظر انداز نہ کئے جائیں۔اسٹریٹجک ڈائیلاگ امریکی صدر ٹرمپ کے سائوتھ ایشیا پالیسی کے اعلان سے قبل معطل کیے گئے تھے،کثیر فریقی معاہدہ اوباما انتظامیہ نے شروع کیا تھا جہاں بات کی گئی تھی کہ دونوں ملکوں کے وزرا کا سالانہ اجلاس اور اس میں اپنا ویژن رکھا جائے گا۔سفارتخانے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کاکہنا تھا کہ خطے میں امن اور افغانستان میں استحکام کے حصول کیلئے دوطرفہ تعاون کی ضرورت ہے،سینیٹ کی سماعت سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن اور پاکستان کا تنقیدی کردار اوراس کے کابل سے تعلقات تسلیم کیے جائیں۔