سعودی عرب کی سینئر علما کمیٹی کے رکن ڈاکٹر شیخ عبداللہ المطلق نے کہا ہے کہ خواتین کے لیے عبایا اوڑھنا لازم نہیں،اصل چیز پردہ داری ہے۔
شیخ عبداللہ المطلق نے عربی مذہبی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں دینی امور کی رہنمائی کرنے والی خواتین کی ایک بڑی تعداد عبایا یا برقع کا استعمال نہیں کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح عالم اسلام کی 90 فیصد خواتین برقع نہ پہننے کے باوجود پردے داری کا خاص خیال رکھتی ہیں ۔ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ خواتین کو برقع یا عبایا کا پابند کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔
سعودی عالم کے اس بیان پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ملا جلا رد عمل دیکھنے میں آرہا ہے، بعض لوگوں نے عبداللہ المطلق کی باتوں سے اتفاق کیا ہے جبکہ بعض لوگوں نے ان کی مخالفت کی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں اس وقت قانون کے مطابق عوامی مقامات پر خواتین کے لیے عبایہ پہننا لازمی ہے۔