کوٹلی (شوکت ناز‘ نمائندہ جنگ) بھارت نے پاکستان کیخلاف بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر آبی جارحیت کا آغاز کرتے ہوئے بغیر اطلاع دیئے مظفر آباد کے علاقے ہٹیاں بالا میں دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا۔ فوری نوٹس لیتے ہوئے مظفر آباد انتظامیہ نے آبی ایمرجنسی نافذ کر دی۔
بتایا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے جھوٹے الزامات پانی بند کرنےاور جنگ کی دھمکیوں کا پاکستان کی جانب سے فوری اور موثر جواب دینے پر بھارت بو کھلاٹ کا شکار ہو گیا اور پیشگی اطلاع دیئے بغیر بڑے پیمانے پر دریائوں میں پانی چھوڑ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے نکل کر اوڑی سے چکوٹھی میں داخل ہونے والے دریائے جہلم میں اچانک شدید طغیانی آ گئی جس سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آبی جارحیت کے حوالے سے دریا کے کنارے بستیوں میں مساجد میں اعلانات شروع کر دیئے گئے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی وادی پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے سمیت دیگر کئی اعلانات کئے تھے۔
سندھ طاس معاہدہ بھارت اور پاکستان کے درمیان واحد معاہدہ ہے جو 3بڑی جنگوں، جموں و کشمیر اور دونوں ممالک کے مختلف حصوں میں ہونے والی بغاوتوں اور 2002ء کے فوجی بحران کے باوجود قائم رہا ہے۔