ایمن خان اور منال خان کے دل لبھانے والے انداز نے بھائی معاذ خان کی مہندی پر محفل لوٹ لی۔
ایمن خان اور منال خان نے ایک بار پھر اپنے خوبصورت انداز اور دلنشین اسٹائل سے مداحوں کے دل جیت لیے، موقع تھا ان کے بھائی معاذ خان کی مہندی کا، جہاں رنگوں کی بہار اور خوشیوں کی بارات اتر آئی۔
کراچی میں منعقد ہونے والی اس یادگار تقریب میں معاذ خان اور صبا معاذ خان کی جوڑی سب کی توجہ کا مرکز بنی، دلہن نے مہندی گرین اور نارنجی رنگ کے دلکش لباس میں جلوے بکھیرے، جبکہ دولہا نے مہندی گرین کوٹ اور سرسوں رنگ کے شلوار سوٹ میں شاہانہ انداز اپنایا۔
ایمن خان نے اپنی شاندار انٹری سے تقریب کو روشن کر دیا، انہوں نے شوخ پنک رنگ کا انارکلی اسٹائل فراک زیب تن کیا، جس پر نفیس دھاگے کا کام، سنہری دبکا، کورہ اور موتیوں کی آرائش کی گئی تھی، ایمن کے گلابی اور سنہری دوپٹے نے ان کے انداز کو جادوئی بنا دیا، جبکہ ان کا سادہ بالوں کا اسٹائل اور ہلکا میک اپ ان کی قدرتی خوبصورتی کو نکھار رہا تھا۔
منال خان بھی کسی سے کم نہ رہیں! انہوں نے لائٹ گرین رنگ کے خوبصورت لہنگے کا انتخاب کیا، جس کی مکمل کڑھائی شدہ چولی پر سنہرے دھاگے، سیکوئنز اور دبکے کا حسین امتزاج جھلک رہا تھا، منال نے نفیس چوٹی اور ہلکے میک اپ کے ساتھ دلوں کو بہا لیا۔
دونوں بہنوں نے ہلکے سنہری زیورات کے ساتھ اپنے روپ کو مزید نکھارا اور تقریب کے ہر منظر میں جگمگاتی نظر آئیں، سوشل میڈیا پر ان کے انداز کی دھوم مچ گئی ہے اور مداح تعریفوں کے پل باندھ رہے ہیں۔