• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیو کا ہائی وولٹیج سیریل ”خلش“ آج شروع سے ہوگا

محمد ناصر۔۔۔پاکستان کا سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ اپنی روایت کے مطابق ایک اور ہائی وولٹیج میگا ڈرامہ سیریل ”خلش“ شروع کرنے جارہا ہے جس کی پہلی قسط بدھ کو آن ایئر ہوگی جبکہ یہ قسط دو گھنٹے طویل دورانیئے پر مشتمل ہے۔

ڈرامے میں ساس بہو کی روایتی کہانیوں سے ہٹ کر پہلی بار مردوں کے اختلافات کو سیریل کا موضوع بنایا گیا ہے یہ ڈرامہ باپ اور بیٹے کے درمیان محبت اور انتقام کی کہانی ہے جس میں ٹیلی ویژن صنعت کے دو بڑے نام ”فیصل قریشی“ اور ”آصف رضامیر“ طویل عرصے بعد باپ اور بیٹے کے روپ میں ورسٹائل اداکاری کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

1

ماضی میں ”جیو ٹی وی“ کے میگا سیریل ”بشر مومن“ نے بھی کئی ریکارڈ توڑے تھے اب توقع کی جارہی ہے کہ اس ڈرامے میں ناظرین فیصل قریشی کا بالکل منفرد اور جاندار روپ دیکھیں گے جو پہلے کبھی سامنے نہیں آیا۔

ڈرامے کی مرکزی اداکارہ پاکستان کی سپر ماڈل اور ایکٹریس ”سنیتا مارشل“ ہیں۔ میگا سیریل ”خلش“ میں فیصل قریشی ساحل ، آصف رضا میر التمش اور سنیتا مارشل نگین کے کرداروں میں نظر آئیں گے ۔

ساحل کا باپ بچپن میں ہی اسے اور اس کی ماں کو چھوڑ کر کہیں چلا جاتا ہے دونوں اکیلے غربت کی چکی میں پستے ہوئے زندگی بسر کرتے ہیں۔ ساحل کی ماں شروع ہی سے اپنے بیٹے کو مضبوط، با اعتماد اور ایک پڑھا لکھا نوجوان بنانا چاہتی تھی اور اس میں کامیاب بھی ہوجاتی ہے۔

ساحل ایک سینئر گورنمنٹ آفیسر کی بیٹی نگین سے محبت کرتا ہے لیکن نگین کے گھر والے غربت کے سبب ساحل سے شادی پر رضامند نہیں ہوتے اور رشتے سے انکار کر دیتے ہیں۔

دل برداشتہ ساحل پر غم کا ایک اور پہاڑ اُس وقت ٹوٹتا ہے جب ماں یہ انکشاف کرکے انتقال کرجاتی ہے کہ اس کا باپ زندہ ہے۔ان تمام حالات کا ذمہ دار ساحل اپنے والد کو سمجھتا ہے اور اپنی ماں کے ساتھ ہونی والی تمام زیادتیوں کا بدلہ باپ سے لینے کی ٹھان لیتا ہے اور یہیں سے انتقام کی کہانی شروع ہوجاتی ہے۔

دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ ڈرامہ اس انداز میں تخلیق کیا گیا ہے کہ پورا خاندان ایک ساتھ مل کر ذوق و شوق سے دیکھ سکے گا ۔

سیریل کی کاسٹ میں جو دیگر اداکار نظر آئیں گے اُن میں کامران جیلانی، ، زینب قیوم ، تنویرجمال، جہاں آرا، عصمت زیدی، تبسم عارف، مریم مرزا، عالیہ علی، فراز فاروقی، ثنا ہمایوں، دانیا انوار، فہد رحمانی، طبریز علی شاہ، سلمیٰ شاہین، سہیل خان، صلاح الدین تنیو، منوج کمار، امنا ملک اور ذہین طاہرہ شامل ہیں۔

ڈرامے کو عمران علی سافر نے تحریر کیا ہے جسے پاکستان کے نامور ہدایتکار سید علی رضا (اُسامہ) نے ڈائریکٹ کیا ہے۔

آئس میڈیا اینڈ انٹرٹینمنٹ کی پروڈکشن میں تیار کیا گیا سیریل ناظرین ہر بدھ کی رات 8 بجے دیکھ سکیں گے۔

 

 

تازہ ترین