اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر سپریم کورٹ آف پاکستان کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے، اس لیے چیف جسٹس آف پاکستان ہمارے معاملات بارے تفصیلات ہم سے نہیں پوچھ سکتے۔ سپریم کورٹ آف پاکستا ن نے شاید ہمیں لکھا ہے کہ بتائیں کہ کون سے لوگ دوہری شہریت کے حامل ہیں ۔ یہ تفصیلات حکومت پاکستان ہم سے پوچھ سکتی ہے وہ نہیں ،اس سے خواہ مخواہ مسائل پیدا ہوتے ہیں، ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے بعد اپنے معاملات چلانے کے لیے 25 ارب روپے خرچ کرنا پڑے۔ اس خسارے کو پورا کرنے کے لیے کوئی بیل آؤٹ پیکج دیا جائے تاکہ ہم اس خسارے کو ختم کر سکیں اور آٹھویں این ایف سی ایوارڈ میں ہمارے حقوق کا تحفظ کیسے ہو گا، راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ ہم لاہور ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژنز کے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ ہمیں قریب پڑتے ہیں ۔ ہم سیاحت کے شعبہ کو ترقی دینا چاہتے ہیں ۔