اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بلٹ پروف گاڑی دیئے جانے کیخلاف دائر درخواست پر افتخار چوہدری کے وکیل کو 20 فروری کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کی ہے۔ جمعہ کو فاضل جسٹس نے حنیف راہی ایڈووکیٹ کی درخواست کی سماعت کی تو سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے شیخ احسن الدین عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ گاڑی لینا افتخار چوہدری کا استحقاق نہیں ہے ۔ وزیراعظم نے کابینہ کی منظوری کے بغیر افتخار چوہدری کو گاڑی دی۔ عدالت گاڑی واپس لینے کے احکامات جاری کرے۔ فاضل جسٹس نے شیخ احسن الدین کو 20 فروری کو دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔