شیخوپورہ (نمائندہ جنگ /ایجنسیاں) سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف سچے،ان سے نا انصافی کرنیوالے جھوٹے ہیں،میں نے جج سے کہا اللہ سے ڈرو ، وہ وقت دور نہیں جب اصلی جے آئی ٹی بنے گی ، مائنس ون کرنے والے ناکام ہوں گے ، والد کیلئے دھڑلے سے لڑوں گی ، 20سال سے انہیں مائنس کرنے کی سازششیں ہو رہی ہیں، آرٹیکل 62،63 آمروں کیلئے کہاں سو جاتی ہے۔ وہ گزشتہ روز شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اب عوام کی عدالت میں صرف نواز شریف کانہیں ہراُس وزیراعظم کا مقدمہ لڑ رہے ہیں جن کو عوام نے ووٹ دے کر بھیجا تھا مگر انہیں چندلوگوں نے بیٹھ کرنکال دیا، عوام نے نوازشریف کوایک مرتبہ بھی نہیں نکالا، ان کو صرف ووٹ کی پرچی کی قوت کوروندنے والوں نے نکالا ۔ مریم نواز نے کہاکہ آج سارا شیخوپورہ شہر نوازشریف کاجلسہ بنا ہوا ہے، انہوں نے کہاکہ آج نوجوان نوازشریف کاہراول دستہ بن گئے ہیں،کیا اسی طرح پاکستان کاتماشا بنتا رہے گا یاآپ لوگ کچھ کریں گے نوازشریف سے ناانصافی ہوئی ہے اس کاسب سے بڑاثبوت یہ ہے کہ نوازشریف کوگالیاں دینے والے آج ان کے خلاف مقدمات سن رہے ہیں ،وہ نوازشریف کوالقابات دے کر اپنا فیصلہ سناچکے ہیں جس نوازشریف نے اپنے والد کے جنازہ کوکندھا دینے کے لیے پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی اوربیمار شریک حیات کی تیمارداری کے لیے لندن جانے کی اجازت نہیں دی گئی اس کو عوام سے عشق کرنے کی سزامل رہی ہے۔آج نوازشریف کے ساتھ لوگوں کا عشق دیکھ کردل ہی دل میں اللہ پاک کاشکر اداکررہی ہوں میراپیغام شیخوپورہ کے ساتھ ساتھ ملک بھرکے نوجوانوں کے لیے ہے کہ میں نوازشریف کی سپاہی ہوں اورتمام نوجوان بھی نواز شریف کے سپاہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ وقت قریب آرہاہے جب آئین اور قانون کے مطابق ایک جے آئی ٹی بھی بنے گی جونواز شریف کی درخواستوں کومذاق قرار دینے والوں کوبھی دیکھے گی اور سییسلین مافیا گاڈفادر اورچورڈاکوکے القابات کوبھی دیکھے گی کہ کس نے کس کو چور کہااور کس نے کس کو ڈاکو کہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ عدلیہ اورمنصفوں کاسارا زورعوام اور پرچی کی قوت کے خلاف چلتارہاہے غداروں اور آرٹیکل 6کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زور نہیں چلا عوام گواہ ہیں کہ نوازشریف سچاہے اس کے ساتھ ناانصافی کرنے والے جھوٹے ہیں انہوں نے جلسہ میں موجودلوگوں سے عہدلیا کہ وہ میراساتھ دیں گے انہوں نے کہاکہ عوام مجھے کسی سے پیچھے نہیں پائیں گے ،میں ووٹ کے تقدس کی جنگ بہادری اوردھڑلے کے ساتھ لڑوں گی عوام اس جنگ میں مجھے سب سے آگے پائیں گے انہوں نے کہا کہ اب نوازشریف کوعوام سے دور نہیں کیا جائے گا۔