• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو نے رنگا رنگ تقریب میں نیشنل گیمز کا افتتاح کردیا

فوٹو: سوشل میڈیا۔پی پی پی
فوٹو: سوشل میڈیا۔پی پی پی

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں منعقدہ رنگا رنگ تقریب میں 35ویں نیشنل گیمز کا افتتاح کر دیا، جبکہ پاکستانی ٹاپ ایتھلیٹ ارشد ندیم نے مشعل روشن کی۔

نیشنل گیمز کے باضابطہ آغاز کے اعلان سے قبل اولمپیئن قمر ابراہیم گیمز کی ٹارچ لے کر اسٹیڈیم پہنچے جو سمیر حسین، نسیم حمید، سعدی عباس اور اصلاح الدین سے ہوتی ہوئی ارشد ندیم تک پہنچی اور ارشد ندیم نے گراؤنڈ کا چکر لگا کر نیشنل گیمز کی مشعل کو روشن کیا۔

مشعل روشن کیے جانے کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے باضابطہ طور پر گیمز کے آغاز کا اعلان کیا، یہ نیشنل گیمز 13 دسمبر تک کراچی کے مختلف وینیوز پر جاری رہیں گے۔

کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں گیمز کی پروقار افتتاحی تقریب کے موقع پر ملک بھر سے مرد و خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

فوٹو: جنگ۔شعیب احمد
فوٹو: جنگ۔شعیب احمد

کراچی 18 سال بعد نیشنل گیمز کی میزبانی کر رہا ہے: بلاول بھٹو

نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی 18 سال بعد نیشنل گیمز کی میزبانی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ سب کو کراچی میں خوش آمدید کہتا ہوں، نیشنل گیمز کی کامیاب میزبانی پر سب کو مبارک باد، نوجوانوں کو مثبت ماحول فراہم کر رہے ہیں۔

فوٹو: جنگ۔شعیب احمد
فوٹو: جنگ۔شعیب احمد

تقریب میں مہمانِ خصوصی پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، اسپورٹس منسٹر اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سردار محمد بخش خان مہر، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری عارف سعید اور دیگر بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج پاکستان کے تمام صوبوں اور علاقوں کی خوبصورتی جھلک رہی ہے، یہ ہمارا میگا ایونٹ ہے، پاکستان بھر سے آئے ہوئے تمام کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، یقیناً آپ سب نے اس مقام تک پہنچنے میں بے پناہ محنت کی ہو گی، یہ بات ناصرف سندھ حکومت بلکہ صوبے کے تمام لوگوں کے لیے باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز کا آغاز دو دہائیوں کے طویل وقفے کے بعد کراچی میں ہو رہا ہے، اس سلسلے میں کراچی بھر کے 24 مقامات پر 32 کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں 10 ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے بطور مہمانِ خصوصی ہماری دعوت قبول کر کے ہمیں عزت و شرف بخشا، چیئرمین صاحب کی موجودگی پاکستان کے نوجوانوں سے محبت کی واضح دلیل ہے، بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے ہر نوجوان کو ابھرتا اور خود مختار دیکھنا چاہتے ہیں۔

فوٹو: جنگ۔شعیب احمد
فوٹو: جنگ۔شعیب احمد

گیمز کے باقاعدہ آغاز کے بعد نیشنل گیمز 2025ء کا پہلا گولڈ میڈل پاکستان آرمی کی لیفٹیننٹ مصباح کے نام رہا، جنہوں نے 50 میٹر پر ون رائفل ایونٹ میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

پاکستان آرمی نے شوٹنگ میں 4 گولڈ میڈلز جیت کر برتری حاصل کر لی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید