• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ، جیو، دی نیوز کی خبر سچ ثابت ، 66 سالہ عمران نے اپنی پیرنی بشریٰ سے تیسری شادی کی تصدیق کردی

Todays Print

لاہور(مانیٹر نگ سیل)جنگ، جیو اور دی نیوز کی خبر سچی ثابت ہوئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے66سالہ چیئرمین عمران خان نے اپنی پیرنی بشریٰ سے تیسری شادی کی تصدیق کردی اور دلہن لیے بغیر لاہور سے اسلام آبادپہنچ گئے انکے نکاح کی تصاویر منظر عام پر آگئیں۔ جیو نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دو شادیوں کی ناکامی کے بعد تیسرا نکاح کرلیا جو کہ بشریٰ مانیکا نامی ان ہی خاتون سے ہوا ہے جن سے نکاح کی کچھ دن قبل افواہیں زیر گردش تھیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی کی تصدیق ہوگئی۔ تحریک انصاف نے بشریٰ بی بی اور عمران خان کی شادی کی تصاویر بھی جاری کردیں۔ دونوں کی شادی اور رخصتی کی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی۔ تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تصاویر بھی پوسٹ کی گئیں۔ ترجمان تحریک انصاف کے نکاح کی تقریب بشریٰ بی بی کے گھر پر ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح گزشتہ شام پڑھایا گیا۔نکاح مفتی سعید نے پڑھایا جس میں بشریٰ بی بی کے قریبی رشتہ دار اور پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔عون چوہدری اور زلفی بخاری نے شادی کے گواہان کی حیثیت دستخط کیے، نکاح کی تقریب بڑ ی سادگی سے ہوئی ، فی الحال عمران خان کا ولیمے کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔ نکاح کی تقریب میں عمران خان کا کوئی قریبی عزیز یا فیملی ممبر شریک نہیں تھا۔ ترجمان نعیم الحق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی بشری بی بی کی طرف سے ہاں کا پیغام آیا نکاح کی تقریب منعقد ہوئی ۔ عمران خان کی شادی کی خبر سب سے پہلے دی نیوز کے رپورٹر عمر چیمہ نے بریک کی تھی تاہم تحریک انصاف نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ شادی کی صرف پیشکش کی گئی ہے۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عمر چیمہ نے کہا کہ وہ اپنی خبر پر قائم ہیں کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح یکم جنوری کو ہوا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کا ذکر انہوں نے اپنی خبر میں کیا تھا وہ پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کی جانے والی تصاویر میں بھی موجود ہیں۔رہنما تحریک انصاف شیریں مزاری نے ٹوئٹر پیغام میں عمران خان کو اور بشریٰ بی بی کو شادی کی مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دریں اثناء تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے بھی پارٹی چیئرمین عمران خان کے نکاح کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نکاح کی تقریب اتوار کو لاہور میں ہوئی۔ تقریب میں عمران خان کی اہلیہ کی والدہ سمیت دیگر اقربا بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکن چیئرمین تحریک انصاف کیلئے دعائوں اور نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہیں۔مسلم لیگ (ن) رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے بھی عمران خان کو شادی پر مبارکباد دی۔

تازہ ترین