• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجم سیٹھی اس سال اسکینڈل فری سپر لیگ کیلئے دعاگو

کراچی (جنگ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم عزیز سیٹھی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل سیزن تھری کے انتظامات سے 80فیصد مطمئن ہوں ، تمام تیاریاں مکمل ہیں ، پی ایس ایل ٹو میں فکسنگ اسکینڈل کی طرح اللہ کرے اس مرتبہ کچھ نہ ہو اور یہ سیزن اچھے طریقے سے مکمل ہوجائے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹ کے کپتان سرفراز احمد کو پی ایس ایل کے آفیشل گانے میں نظر انداز کرنا بہت بڑی غلطی ہے ۔ جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں میزبان سید یحییٰ حسینی کو انٹرویو دیتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ہمیں ایک دو فرنچائزز کی طرف سے پیسوں کا مسئلہ تھا، لیگ میں کچھ مسائل تو ضرور آتے ہیں ، فرنچائزز پیسوں کے معاملات اپنے ہاتھ میں لینا چاہتے ہیں ، مزید مسائل نہیں ہونے دینگے اگر ضرورت پڑی تو خود پیسے دینگے، غیر ملکی کھلاڑی خوش نہیں ہونگے تو سپر لیگ تباہ ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یو اے ای میں مشکلات آرہی ہیں، طویل عرصے کیلئے یو اے ای سے کنٹریکٹ نہیں کر رہے، مارچ میں ملائیشیا میں گراؤنڈز دیکھنے جارہا ہوں، وہاں دبئی کے مقابلے میں خرچے آدھے ہیں ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیساتھ سیریز ملائیشیا میں ہوسکتی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان آئے گی ، اگلے سال پی ایس ایل پاکستا ن میں کرانے کی خواہش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے فرنچائزز کو سمجھا رہا تھا، میں نے کچھ فرنچائزز کو اچھے اسپانسرز بھی دیے ، صحیح وقت پر فرنچائزز کو اسپانسرز سے ڈیل کرنی چاہیے تھی ، پی ایس ایل گانے میں سرفراز کو شامل نہ کرنے پر افسوس ہے، نئے گانے کی تشکیل میرے سامنے نہیں ہوئی ، مجھ سے بغیر پوچھے لیگ کا گانا ریلیز کیا گیا۔
تازہ ترین