وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کیے جانے کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔
یہ بات وزیر داخلہ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہی ،ان کاکہنا تھا کہ ترکی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جس نے ثابت کیا کہ وہ ہر صورت میں پاکستان کا ساتھ دیتا ہےاور پاکستان کو ترکی جیسے ملک پر فخر ہے۔
ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں سرکاری بیان تک کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں میں نہیں پڑنا چاہیے۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں وزیر خارجہ کا ایک ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کو واچ لسٹ میں شامل کرنے کا معاملہ 3 ماہ کے لیے مؤخر ہوگیا ہے اور جون میں اس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔