• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ کو بین الاقوامی سطح پر سیاسی اور اقتصادی دبائو کا سامنا

برلن (نیوز ڈیسک) جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے یورپ کو عالمی سطح پر درپیش اقتصادی اور سیاسی دبائو کے خلاف خبردار کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ بیان اس امر کا اشارہ دیتا ہے کہ جرمنی میں نئی مخلوط حکومت کی تشکیل میں یورپی مستقبل کیا کردار ادا کرے گا۔ خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق جرمن چانسلر نے گزشتہ روز پارلیمان کے ارکان سے اپنے خطاب میں کہا کہ یورپ کو اس وقت بین الاقوامی سطح پر سیاسی اور اقتصادی دونوں طرح کے دبائو کا سامنا ہے۔ ان کا یہ بیان اس وجہ سے بھی اہم ہے کہ آج برسلز میں یورپی یونین کے رکن ممالک کا ایک سربراہی اجلاس ہورہا ہے جس میں مرکزی توجہ اس یورپی بلاک کیلئے مستقبل میں مالی وسائل کی فراہمی پر مرکوز رہے گی۔ انجیلا مرکل نے جرمن پارلیمان کے ایوان زیریں سے اپنے خطاب میں کہا کہ یورپی ادارے اب دنیا بھر میں ہر شعبے میں قائدانہ کردار ادا نہیں کررہے۔ اس وقت یورپی یونین کے رکن ممالک کی تعداد28ہے اور مارچ 2019کے آخر تک برطانیہ کے یونین سے اخراج یا بریگزٹ کے بعد یہ تعداد 27رہ جائے گی۔ اس تناظر میں برسلز میں آج ہونے والا یونین کا سربراہی اجلاس اس وجہ سے بہت اہم ہے کہ اس میں 2020کے بعد کی27رکنی یونین کے مالیاتی امور پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ اس حوالے سے جرمن چانسلر نے اپنے پالیسی خطاب میں کہا کہ جرمنی کے لیے یورپی یونین اتنی اہم ہے کہ خود جرمنی بھی اپنی طرف سے بہت اچھی اقتصادی کارکردگی دکھائے۔ انجیلا مرکل نے مزید کہا ہے کہ یورپی یونین شام میں تشدد کے خاتمے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید تقویت دے۔ انہوں نے یورپی یونین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ روس اور ایران پر اپنے سفارتی دبائو میں اضافہ کرے، تاکہ وہاں پرتشدد حالات کا خاتمہ ہوسکے
تازہ ترین