کراچی (اسٹاف رپورٹر)رینجرز نے ڈیفنس میں بنگلے میں کارروائی کرتے ہو ئے 2غیر ملکی مغویوں کو بازیاب کرواتے ہو ئے 3ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق ڈیفنس کے علاقے خیابان محافظ اسٹریٹ 33بنگلہ نمبر 134/1میں غیر ملکی مغویوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 3ملزمان وسیم بلوچ،نعیم ربانی اور فہد شبیر کو گرفتار کیا ،جبکہ بنگلے کی تلاشی کے دوران 2غیر ملکی باشندوں موسس جوزف جسکا تعلق تنزانیہ اورفرانک انیگوگ جسکا تعلق نائجیریا سے ہےکو بازیاب کروالیا ،جبکہ ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف ،میگزین ،19گولی ،ایک بلٹ پروف جیکٹ ایک ایس ایم جی پائوچ برآمد کرلیا ،ترجمان نےبتایاکہ ملزم وسیم بلوچ نے بتایا کہ اس کا تعلق بلوچستان کے علاقے پنجگور سے ہے ،ملزم اندرون اور بیرون ملک منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث ہے اور پنجگور سے تعلق رکھنے والے منشیات کے اسمگلر صابر بلوچ کا پارٹنر ہے ،جس کے رابطے بین الاقوامی منشیات کے اسمگلروں سے ہیں ،ملزم وسیم بلوچ 2014سے ڈیفنس کے جس بنگلے میں رہائش پزیر تھا جو کہ صابر بلوچ کی ملکیت ہے ،دوران تفتیش ملزم وسیم بلوچ نے انکشاف کیا کہ صابر بلوچ نے جولائی 2017میں 12کلو کرسٹل منشیات کی بیرون ملک تنزانیہ کے رہائشی یاسین کو فروخت کی جس نے سپلائی کی ڈیل کی رقم کی ادائیگی کے عیوض اپنے راشتے دار موسس جوزف کو بطور ضامن کراچی بھیجا ،رقم کی بروقت ادائیگی نہ ہونے کے باعث وسیم بلوچ نے صابر بلوچ کے حکم پر موسس جوزف کو گذشتہ 7ماہ سے ڈیفنس کے مذکورہ بنگلے میں یرغمال بنا کر رکھا ،جبکہ نائیجریا سے تعلق رکھنے والے دوسرے شخص فرانک کو منشیات کی دوسری ڈیل کے سلسلے میں کراچی آیا تھا اسکو بھی وسیم بلوچ نے سابر بلوچ کے حکم پر اسی بنگلے میں یرغمال بنائے رکھا ،دونوں غیر ملکیوں کے سفری دستاویزات اور پاسپورٹ ملزم وسیم بلوچ نے ان سے لے کر صابر بلوچ کے حوالے کردیے ہیں ،منشیات کے علاوہ وسیم بلوچ ایرانی ڈیزل کی غیر قانونی اسمگلنگ اور بنائ لائسنس کے اسلحے کی خرید و فروخت میں بھی ملوث ہے ،ملزم نعیم ربانی منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے کے ساتھ وسیم بلوچ کا معاون بھی ہے ،ملزم فہد شبیر بھی معان ہے ،رینجرز نے تینوں ملزمان کو پولیس کے حوالے کردیا ہے جبکہ غیر ملکیوں کو بھی پولیس کے حوالے کیا گیا ہے ۔