ماہرین کا کہنا ہے کہ غذائیت سے بھرپور خشک میوہ جات جیسے بادام، اخروٹ، پستہ اور کاجو کو اپنی روزمرہ غذا میں شامل کرنا بڑھاپے کے اثرات کو کم کرنے اور مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
بادام وٹامن ای کا بہترین ذریعہ ہیں، جو جلد کو نقصان دہ الٹرا وائلٹ شعاعوں سے محفوظ، جلد کی نمی کو برقرار رکھتا ہے اور جلد کے خلیوں کی مرمت میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ یہ خصوصیات صحت مند اور چمکدار جلد کے لیے معاون ہیں۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، ڈیوس کے ماہر امراض جلد ڈاکٹر راجہ کے سیوامانی کے مطابق بادام اینٹی آکسیڈنٹ وٹامن ای، ضروری فیٹی ایسڈز اور پولی فینولز سے بھرپور ہوتے ہیں۔ یہ مجموعی طور پر اچھی غذائیت کے لیے ایک سمجھدار انتخاب ہیں۔
بادام خاص طور پر خواتین میں بڑھاپے کے اثرات کے خلاف مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔
اخروٹ الفا-لینولینک ایسڈ (اے ایل اے) کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں، جو ایک اومیگا-3 فیٹی ایسڈ ہے اور جسم میں سوزش کو کم کرنے کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے۔
اخروٹ دماغی صحت کے لیے بھی بہت مفید ہیں اور بڑھتی عمر کے ساتھ ذہنی زوال کو سست کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ڈیوس ہیلتھ کے مطابق اخروٹ میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور اینٹی انفلیمیٹری پولی فینولز یادداشت اور سوچنے کی صلاحیت جیسے علمی افعال کو محفوظ رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
پستہ غذائیت سے بھرپور میوہ ہے۔ جس میں تقریباً 20 فیصد پروٹین ہوتا ہے، جس کی وجہ سے یہ بیشتر خشک میووں کے مقابلے میں زیادہ پروٹین فراہم کرتا ہے، جو طویل وقت تک بھوک نہ لگنے اور وزن کو قابو میں رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
پستے میں اینٹی آکسیڈنٹس کی بھی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔ پستے میں موجود یہ اینٹی آکسیڈنٹس فری ریڈیکلز سے لڑنے میں مدد دیتے ہیں، یہ نقصان دہ مرکبات خلیوں، پروٹینز اور ڈی این اے کو نقصان پہنچاتے ہیں اور وقت سے پہلے بڑھاپے کے ساتھ ساتھ کینسر، ذیابطیس، اور دل کی بیماریوں کا باعث بن سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ پستے غیر سیر شدہ فیٹی ایسڈز اور پوٹاشیم کا بھی اچھا ذریعہ ہیں، جو دل اور جسم کے لیے اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی انفلیمیٹری فوائد رکھتے ہیں۔
کاجو پروٹین، اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتے ہیں، جو دل کی صحت میں بہتری لاتے ہیں۔ ایک تحقیقی جائزے کے مطابق کاجو اور دیگر نٹس کا استعمال دل کی بیماری، کورونری ہارٹ ڈیزیز اور ایٹریل فائبریلیشن کے خطرے کو کم کرتا ہے۔
ایک اور تحقیق کے مطابق کاجو کا باقاعدہ استعمال بلڈ پریشر اور ٹرائگلیسرائیڈ کی سطح کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
برازیل، بولیویا اور پیرو کے ایمیزون جنگلات سے تعلق رکھنے والے برازیل نٹس ایک اہم اینٹی آکسیڈنٹ سیلینیم سے بھرپور ہوتے ہیں، جو قوتِ مدافعت اور تھائرائڈ کے نظام کو مضبوط بناتا ہے۔
متعدد مطالعات کے مطابق ان نٹس میں موجود زیادہ مقدار میں سیلینیم جسم میں آکسیڈیٹو اسٹریس کو کم کرتا ہے، جو خلیوں کو نقصان پہنچانے اور کینسر، ذیابطیس اور دل کی بیماریوں جیسے امراض کا باعث بننے والا ایک بڑا عنصر ہے۔
سیلینیم کے علاوہ برازیل نٹس میں میگنیشیم، فاسفورس، کاپر اور صحت مند چکنائیاں بھی پائی جاتی ہیں، جو دل کی صحت کے لیے نہایت مفید ہیں۔
چونکہ ان میں چکنائی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، اس لیے یہ توانائی سے بھرپور میوہ ہیں، جو ضروری غذائی اجزاء حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔