• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جھوٹ آخر جھوٹ ہے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے
سپریم کورٹ:غلط کاغذ دینا جرم، دہری شہریت پر بیان غلط نکلا تو کوئی نہیں بچے گا۔ بنی گالہ میں مکان کے مبینہ جعلی این او سی پر عمران سے جواب طلب، سیاسی لڑائیوں کے بڑے فوائد ہیں، اس طرح ہر فریق کا کچا چٹھا سامنے آ جاتا ہے۔ شاید اسی لئے اختلاف کو رحمت کہا گیا، نواز شریف نے سردست چپ رہنے کا اشارہ دیا اور کہا کہ فیصلہ آ جائے تو دیکھیں گے کیا کرنا ہے، خدانخواستہ اگر انتخابات تک کوئی صادق و امین ہی نہ رہا تو کیا بنے گا، کیونکہ جھوٹ، سچ، منافقت، دیانتداری جملہ اچھائیاں برائیاں سامنے آ جائیں گی، اور اس مرتبہ صرف صادق و امین ہی الیکشن لڑ سکیں گے، بنی گالہ کی چوٹی پر بیٹھا بھی اگر باقاعدہ جھوٹا ثابت ہو گیا تو پھر پارٹیاں آمنے سامنے ہوں گی ان کے قائد یہ شعر پڑھیں گے؎
میں پا شکستہ جا نہ سکا قافلے تلک
آتی اگرچہ دیر صدائے جرس رہی
اور سیاست ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلے گی، تاکہ کوئی غلط چینل نہ لگ جائے، حیرانی ہے کہ سیاستدان پارلیمنٹ کو سپریم بھی کہتے ہیں اور اپنے سیاسی معاملات کو عدالتوں میں لے جاتے ہیں، جسٹس دوست محمد کی یہ بات درست ہے کہ اس طرح ہی تو مارشل لاء کے لئے راستہ ہموار ہوتا ہے، آج ملک میں جو سیاسی خلفشار ہے، وہ سیاستدانوں کا ہی پیدا کردہ ہے، جب سیاست کا انحصار، محکموں، اداروں اور سرکاری افسروں پر ہو تو جمہوری عمل رک جاتا ہے، اور فائدہ کسی فریق کو بھی نہیں ہوتا، سیاسی طاقت اور سیاسی سوجھ بوجھ میں بڑا فرق ہے، سیاسی طاقت دراصل سیاست کے اصول و ضوابط کی پیداوار ہے، اگر اسے سیاسی عمل سے حاصل نہ کیا جائے اور غلط راستے، وسائل و ذرائع اختیار کئے جائیں تو سب سے بڑا نقصان جمہوریت کو پہنچتا ہے۔
٭٭٭٭
کون جھوٹا کون سچا؟
شہباز شریف:میں اگر قصور وار ثابت ہوا تو سیاست سے خاموشی سے کنارہ کشی اختیار کر لوں گا، عمران جھوٹے ثابت ہوں تو کسی درگاہ پر بیٹھ کر تربیت حاصل کریں۔ اس بیان سے ہر دو حضرات کے جھوٹے یا سچے ہونے کا عندیہ ملتا ہے، کسی کو بھی یقین نہیں کہ وہ جھوٹا ثابت ہو گا یا سچا، جہاں تک ثابت ہونے کا تعلق ہے تو کوئی سچا بھی دلائل کمزور ہونے کے باعث جھوٹا ثابت ہو سکتا ہے۔ صرف انسان کے اندر موجود عدالت ہی کو علم ہوتا ہے کہ وہ سچا ہے یا جھوٹا، بہرحال قاضی کو تو ظاہر پر فیصلہ دینا ہوتا ہے باطن پر فیصلہ دینا اس کے لئے ممکن ہی نہیں، اور باطن کو اس دنیا کی عدالت میں بولنے کی اجازت نہیں وہ بروز حشر ہی بولے گا، یہ انداز بھی درست نہیں کہ سارے جھوٹ تمہارے میرے پاس تو بس یہی ایک سچ ہے، یہ بھی کوئی آسمانی تحریک ہے کہ سیاست خود ہی سارے جھوٹ سارے سچ ڈھونڈ ڈھونڈ کر سامنے لا رہی ہے، اور عوام کے لئے فیصلہ کرنا آسان ہوتا جا رہا ہے، عدالتیں اپنی جگہ اپنے فیصلوں کے لئے عند اللہ جواب دہ ہیں، کوئی فکر کرنے کی ضرورت نہیں یہ دور سچ، جھوٹ میں فرق ظاہر ہونے کا دور ہے، کیونکہ 70برسوں سے یہاں کبھی ایسا دور نہیں آیا کہ الجھا ہے پائوں یار کا زلف دراز میں، کس کی زبان کتنی دراز ہے کس کے ہاتھ کتنے لمبے ہیں، کس کے ساتھ ظلم ہوا اور کیسے مظلوموں کو ظالم انصاف دلانے کا باعث بنتے ہیں، شاید کہ ارض وطن، یوم حساب سے پہلے بول پڑی ہے، شہباز شریف نے تو قصور وار ثابت ہونے پر سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے اور خان صاحب پہلے ہی ستر پوش درگاہ پر بیٹھ کر زیر تربیت ہیں۔ سب کو اپنی اپنی خبر ہے، اور یہ وطن ہی ہے جو واضح بیان نہ سہی اشارے دے رہا ہے کہ جھوٹا کون سچا کون۔
٭٭٭٭
دو بیویاں رکھنے والے کو الائونس ملے گا
متحدہ عرب امارات میں دو بیویاں رکھنے والے مردوں کو الائونس دینے کا فیصلہ۔ ہمارے ہاں دو ’’بیویاں‘‘ رکھنے والوں کو بھی نوکری نہیں ملتی اور متحدہ عرب امارات میں دو بیویاں رکھنے والوں کو الائونس بھی ملے گا تاکہ گھر میں یک نہ شد دو شد کا سا سماں قائم ہو، عربوں میں ایک سے زائد بیوی کا رجحان عام ہے، اسے مزید عام کرنے کے لئے متحدہ عرب امارات نے مزید گھریلو بجٹ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، اب شوہر ٹیلے پر بیٹھ کر اللہ اللہ کرے گا اور بیویاں گھر میں ’’یَلا یَلا‘‘ کریں گی، سچ تو یہ ہے کہ عرب جب امیر نہیں ہوئے تھے تب بھی ازدواج میں توحید کے قائل نہیں تھے، وہ صرف ایک اللہ ایک رسول اور ایک قرآن کو مانتے ہیں اس کے علاوہ کسی چیز کو ایک نہیں مانتے بالخصوص بیویاں رکھنے میں کثرت کو ترجیح دیتے ہیں، شاید ہمارے ہاں لوگوں کو یہ معلوم نہ ہو کہ دراصل متحدہ عرب امارات نے بیویوں کی فوج ظفر موج کو روکنے کے لئے الائونس کا اعلان کیا ہے اور ممکن ہے اگلا اعلان صرف ایک بیوی رکھنے والے کو ڈبل الائونس دینے کا ہو، ہمارے ہاں دو بیویاں رکھنے والوں کے لئے سنہری موقع ہے جلد از جلد اقامہ حاصل کرنے کے لئے درخواست دیں اقامہ کے پیچھے بھی یہی راز ہو سکتا ہے یار لوگوں نے خواہ مخواہ اقامے کو شجر ممنوعہ قرار دے دیا، ایک بیوی رکھنے والے کی نسبت دو والا کم گناہنگار ہوتا ہے، اور چار والا تو گناہ کرنے کے قابل ہی نہیں رہتا، عرب امارات امیر ہیں وہ نان نفقہ دے سکتی ہیں، اس لئے دوسری شادی کے خواہشمند حضرات ویزے کے لئے کوششیں شروع کر دیں، یہ ’’ہم خرمہ و ہم ثواب‘‘ کا موقع اسے ضائع نہیں کرنا چاہئے، اور جو بیویاں یہاں اپنے شوہروں کا انتظار کرتی رہتی ہیں وہ بھی خفیہ ذرائع سے معلوم کریں کہ کہیں الائونس حاصل کرنے کے لئے انہوں نے دو شادیاں متحدہ عرب امارات میں تو نہیں کر لیں۔
٭٭٭٭
مال حرام پر شکر حرام
....Oخورشید شاہ: پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفا ن کھڑا ہو گا۔
آپ اپوزیشن لیڈر ہیں بیان دینے کے لئے ’’پارلیامنٹ‘‘ میں آواز بلند کریں اور اضافہ واپس کرائیں۔
....Oچیف سیکرٹری پنجاب:احتجاج کے پیچھے وزیر اعلیٰ یا کسی وزیر کا کوئی کردار نہیں تھا۔
حالات کا جبر تو تھا۔
....Oضمنی الیکشن سینیٹ میں پی ٹی آئی کی شکست،
اب تحریک انصاف اپنی مجموعی شکست سے بچنے کا سامان کرے۔
....Oلاہور میں مغلپورہ سے لے کر تابہ خاک واہگہ سرشام ہی آتش بازی ہوائی فائرنگ روزانہ کا معمول ہمارا قلم گھس گیا یہ لکھتے لکھتے مگر انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی، کیا اس کے سر میں جوئیں ڈالنا پڑیں گی؟
....Oعلیم خان نیب میں پیش، آف شور کمپنی بارے تفتیشی ٹیم کی پوچھ گچھ
خان صاحب کے ہیرے اپنی آب و تاب دکھانے لگے ہیں، آگے چل کر کیا ہو گا؟
....Oایک صاحب نے کہا شکر میں کمی آتی جا رہی ہے، ہم نے عرض کیا مال حرام پر شکر حرام ہے،

تازہ ترین