اسلام آباد (صالح ظافر) سعودی ولی عہد کا وہ دورہ جس کا یہاں بہت چرچا تھا اب ایک ماہ سے زائد مدت کےلیے موخر ہوگیاہے۔
اس سے قبل سرکاری ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ وہ 19 مئی کو پاکستان کے دوروزہ دورے پرآئیں گے لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ ان کا یہ دورہ اس وقت تک موخر ہوگیا ہے جب تک کہ دونں فریقین باہمی رضامندی سے نئے عبوری شیڈول کا تعین نہیں کرلیتے ۔
سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت وزیراعظإ شہبازشریف نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران دی تھی اور اسے سعودی ولی عہد نے قبول بھی کرلیا تھا۔
اعلیٰ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے شہزادہ محمد بن سلمان حج اور عید الاضحی کے فوری بعد پاکستان کا دورہ کریں چنانچہ اب ان کا دورہ جون کے تیسرے ہفتے میں ہوسکتا ہے۔
اس کا شیڈول بھی عید کے بعد ہی دونوں ممالک جاری کریں گے۔ شہزادہ محمد بن سلمان پہلے بھی دومرتبہ پاکستان کے دورے پر آچکے ہیں اور دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ جونہی ان کا دورے کا شیڈول طے پاجائے گا وہ عوام کے سامنے لایاجائےگا۔