• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میکسیکن کھانے پاکستانی کھانوں سے ملتے جلتے اور لذیز ہوتے ہیں

میکسیکن کھانے پاکستانی کھانوں سے ملتے جلتے اور لذیز ہوتے ہیں

میکسیکوایک حسین اور رنگین ملک ہے جو کہ شمالی امریکا میں واقع ہے۔میکسیکو تقريباً 2 ملین مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا امریکہ میں پانچواں اور دنیا میں چودھواں سب سے بڑا آزاد ملک ہے۔11کروڑ کی متوقع آبادی کے ساتھ یہ گیارھواں سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے۔ میکسیکن لوگ کھانوں میں اپنی ایک خاص انفرادیت رکھتے ہیں۔ میکسیکن کھانے (Mexican Food) پاکستانی کھانوں سے بہت ملتے جلتے اور لذیذ ہوتے ہیں۔ مرچ، مصالحے تو ہانڈی کی مشترکہ اساس ہیں مگر کمال یہ ہے کہ یہاں توے پر پکائی روٹی تک کھائی جاتی ہے جو سائز میں ہمارے یہاں کی روٹی سے چھوٹی، مگر ذائقہ وہی چولہے کی آنچ پر پکا ہوا ہوتا ہے ۔اس کے علاوہ ان کھانوں میں آلو، مکئی ، مشرومز اور پالک کا استعمال قدرے زیادہ کیا جاتا ہے ، ان کھانوں کامنفرد ذائقہ اس میں ملائے جانے والے مصالحہ جات ہیں جو علاقائی دستیابی پر منحصر ہوتے ہیں۔میکسیکن لوگوں میں کھانے کا شوق کافی حد تک پایا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ ان کے کھانے ذائقے اور لذت سے بھرپور ہوتے ہیں ۔پاکستانی کھانوں کے ساتھ میکسیکن کھانوں کی مماثلت اور ان میں مصالحوں کے بخوبی استعمال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے آج ہم قارئین کے لئے چند مشہور میکسیکن کھانوں کی ریسیپیز لائے ہیں جو کہ پیشِ نذر ہیں:

میکسیکن چکن ود فرائیڈ رائس

اجزاء:

چکن۔ ایک کلو

تیل۔ ایک چوتھائی کپ

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

پیپریکا۔ ایک چائے کا چمچ

اورنج کلر۔ ایک چٹکی

کالی مرچ ۔آدھا چائے کا چمچ

پانی۔ ایک کپ

کیچپ۔ آدھا کپ

اوریگانو لیوز۔ ایک چائے کا چمچ

وائٹ سوس۔ ایک کپ

شملہ مرچ۔ ایک عدد (رنگز میں کٹی ہوئی)

پیاز ایک۔ عدد (رنگز میں کٹی ہوئی)

وائٹ سوس کے لئے:

مکھن۔ دو کھانے کے چمچ

میدہ ۔دو کھانے کے چمچ

نمک۔ آدھا چائے کا چمچ

کالی مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

پیپریکا۔ آدھا چائے کا چمچ

دودھ ۔ایک کپ

پانی۔ حسب ضرورت

فرائز سرو کرنے کے لیے۔ آدھا کپ

فرائیڈ رائس کے لئے:

چاول۔ چار کپ (اُبلے ہوئے)

تیل۔ ایک چوتھائی کپ

لہسن۔ ایک کھانے کا چمچ (کٹا ہوا)

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

سفید مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

سویا سوس۔ ایک کھانے کے چمچ

گاجر۔ ایک کپ (کٹی ہوئی)

ہری پیاز۔ ایک کپ (کٹی ہوئی)

ترکیب:

وائٹ سوس کے لیے:

ایک پین میں مکھن، میدہ، نمک، کالی مرچ، پیپریکا ، دودھ اور حسب ضرورت پانی ڈال کر پکالیں، یہاں تک کہ وہ گاڑھا ہو جائے۔

چکن کے لئے:

ایک پین میں تیل گرم کرکے اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر چکن کے ساتھ دس منٹ کے لیے فرائی کر لیں۔اب اس میں نمک، پیپریکا، اورنج کلر، کالی مرچ اور ایک کپ پانی شامل کرکے ڈھکیں اور پندرہ منٹ کے لیے پکالیں۔پھر اس میں کیچپ، اوریگانو لیوز، وائٹ سوس، شملہ مرچ اور پیاز ڈال کر دس منٹ کے لیے پکائیں، یہاں کہ چکن گل جائے۔اب اسے فرائیڈ رائس کے ساتھ سرو کریں۔

فرائیڈ رائس کے لیے:

تیل گرم کرکے اس میں لہسن فرائی کریں، یہاں تک کہ وہ لائٹ گولڈن ہو جائے۔اب اس میں چاول، نمک، سفید مرچ، سویا سوس، گاجر اور ہری پیاز ڈال کر ٹوس کر لیں اور سرو کریں۔

چکن میکسیکن ٹاکوز

اجزاء:

تیل۔ ایک کھانے کا چمچ

لہسن۔ دو جوئے

پیاز۔ ایک عدد

چکن قیمہ۔ پانچ سو گرام

نمک۔ حسبِ ذائقہ

زیرہ پاؤڈر۔ ایک کھانے کا چمچ

پیپریکا پاؤڈر۔ دو کھانے کے چمچ

لال شملہ مرچ۔ ایک عدد

سبز شملہ مرچ۔ ایک عدد

ٹماٹر۔ ایک عدد

سبز دھنیا ۔دس گرام

پودینہ۔ دس گرام

اوریگانو۔ ایک کھانے کا چمچ

لیموں کا رس۔ دو کھانے کے چمچ

ٹورٹیلا بریڈ ۔چار عدد

ساور کریم ۔دو کھانے کے چمچ

آئس برگ ۔دس گرام

موزریلہ چیز ۔ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

ایک پین میں کھانے کا تیل لیں اور اس میں لہسن پیسٹ ڈال کر ہلکا سا پکا لیں ۔اب اس میں پیاز اور چکن قیمہ ڈال کر دس منٹ تک پکا لیں ۔پھر نمک، زیرہ پاؤڈر اورپیپریکا پاؤڈر ڈال کر دو منٹ تک پکا لیں ۔اب اس میں لال شملہ مرچ اور سبز شملہ مرچ ڈال کر اُتار لیںاور ایک باؤل میں ٹماٹر ،پیاز ،شملہ مرچ ،سبز دھنیا ،پودینہ ،اوریگانو ،لیموں کا رس اور نمک ڈال کر مکس کر لیں ۔اب ایک پین میں ٹورٹیلا بریڈ گرم کر لیں اور اس پر ساور کریم ،تیار کیا ہوا چکن ،تیار کیا ہوا سالسہ ،بند گوبھی اور موزریلہ چیز ڈال کر ٹورٹیلا بریڈ کو رول کر لیں ۔آپکا مزیدارچکن میکسیکن ٹاکوز تیار ہے ۔

ساور کریم بنا نے کا طریقہ :

کریم ایک کپ، ایک عددلیموں کا رس،نمک حسبِ ذائقہ،سفید مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ۔سب اجزاء کو ایک باؤل میں ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں ۔

میکسیکن پائی

اجزاء:

چکن (بون لیس) ۔ 150گرام

ٹماٹر(کٹا ہوا)۔ ایک عدد

پیاز (کٹا ہوا) ۔ ایک عدد

شملہ مرچ ۔حسب ضرورت

مکئی کے دانے(پکے ہوئے) ۔ایک کپ

لہسن کے جوئے (پیسٹ)۔ایک عدد

چلی پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

زیرہ پاؤڈر۔ایک چائے کا چمچ

نمک۔حسب ذائقہ

تیل۔ دو چائے کے چمچ

پنیر ۔ایک کپ

بیر ونی تہہ (crust) بنانے کے لئے :

مکئی کا آٹا ۔ایک کپ

چکن سٹاک۔ایک کپ

زیرہ پاؤڈر۔ ایک چٹکی

چلی پاؤڈر۔ایک چٹکی

ترکیب:

تیل کو ایک برتن میں گرم کر یں اور اس میں چکن (بون لیس) ڈال کر درمیانی آنچ پر ہلاتے ہوئے پانچ منٹ تک ایسے پکائیں کہ وہ ہر طرف سے براؤن ہو جائے۔پھر پنیر کے سوا باقی تمام اجزاء ڈال دیں اور آنچ ہلکی کر کے پانچ منٹ تک پکا ئیں۔ ایک بیکنگ ڈش لیکر اُس پر ہلکا سا تیل لگائیں پھر چکن مکسچر کو اس میں ڈال کر اُوپر پنیر ڈال دیں ۔ ساتھ ہی سٹاک کو سوس پین میں اُبالیں، یاد رہے کہ اس میں چربی بالکل نہ ہو ۔ اس میں مکئی کا آٹا، زیرہ پاؤڈر اور چلی پاؤڈر شامل کر یں۔ ہلکی آنچ پر مسلسل ہلاتے ہوئے اتنا پکائیں کہ سارا آمیزہ گاڑھا ہو جائے، غالباََ تین منٹ تک پکانا کافی ہو گا۔ پھر اس آمیزہ کو فوراََ بیکنگ ڈش میں پنیر کے اُوپر ہی ڈال دیں۔پھر اسے ایک جیسا کر یں اور اس بات کا یقین کر یں کہ اُوپر والا آمیزہ یکساں طور پر ہر طرف تقسیم ہو ا ہے۔ آخر میں ڈش اوون میں رکھ کر 200سنٹی گریڈ یا 400فارن ہائیٹ پر 20سے25منٹ یا اس وقت تک بیک کر یں کہ بیرونی آمیزہ گولڈن براؤن اور اندونی کڑکڑانے لگیں۔ اس ڈش کو گرم گرم پیش کر یں۔

چکن پائن ایپل پیکو ڈے گائیو

اجزاء:

مرغی کا گوشت (بغیر ہڈی کے) : آدھ کلو

انناس: ایک بڑا انناس (یا ایک بڑا ٹن)

انناس کا جوس: آدھا کپ

کھیرے: دو سے تین

ٹماٹر : دو سے تین

بند گوبھی: حسب پسند مقدار

ہرا دھنیا: حسب پسند

پیاز: ایک عدد چھوٹا

ہری مرچ: حسب پسند

مکئی کے دانے: حسب پسند

لیموں کا جوس: ایک لیموں

نمک: حسب ذائقہ

کوکنگ آئل: ایک چوتھائی کپ

دار چینی: ایک ٹکڑا

بادیان خطائی (anise): ایک پھول

کڑی پتہ: ایک

ثابت کالی مرچ: چار سے پانچ

ثابت سرخ مرچ: چار

کٹی ہوئی سرخ مرچ: ایک سے دو چمچ

ترکیب:

سبزیوں کو دھو کر کاٹ لیں اور ایک کھلے منہ والے برتن میں ڈالیں۔آدھا کپ انناس جوس سے آدھا جوس شامل کریں اور اس میںمکئی کے دانے اور لیموں کا رس شامل کریں۔حسب ذائقہ نمک چھڑکیں اور تمام اجزا ءکو اچھی طرح ملا لیں پھر اس سلاد کو فریج میں رکھ دیں۔کم از کم آدھا گھنٹہ یا جب تک ذائقہ اچھی طرح رچ بس جائے۔دیگچی یا کسی بڑے فرائنگ پین میں تیل گرم کریں۔تیل کڑکڑانے لگے تو اس میں دار چینی، بادیان، کالی مرچ، کڑی پتہ اور ثابت سرخ مرچ فرائی کریں۔آنچ دھیمی رکھیں ورنہ یہ چیزیں جل جائیں گی ،دھیمی آنچ پر اس وقت تک فرائی کریں جب تک ان مصالحوں کی رنگت گہری نہ ہو جائے یا ان کی خوشبو آنا شروع نہ ہو جائے۔ اسی دوران ایک پیالے میں کٹی ہوئی سرخ مرچ ڈالیں۔جب تیل میں فرائی کیے جانے والے مصالحے میں سے خوشبو آنے لگے تو چولہا بند کر دیں اور اس تیل کو کٹی ہوئی مرچوں کے پیالے میں شامل کریں،چلی آئل تیار ہو گیا۔اب اسی فرائنگ پین میں آدھا چلی آئل ، مرغی کا گوشت اور انناس ڈال کر فرائی کریں۔ خیال رہے کہ چولہا جلانا ضروری ہے ورنہ چکن کچا رہنے کا خدشہ ہے۔درمیانی آنچ پر اجزاء فرائی کریں جب تک کہ انناس اورچکن اچھی طرح آئل میں مل جائیں۔جو انناس جوس سلاد میں ڈالتے ہوئے بچایا تھا، اسے شامل کریں اور فرائنگ پین کو ڈھک دیں۔یہ چکن کو مزید نرم کر دے گا۔گوشت گلنے تک پکنے دیں۔آخر میں چکن اور انناس کا ایک جوسی سا مکسچر ہونا چاہیے لیکن زیادہ جوسی نہ ہو۔فریج میں سے سلاد نکالیں اور چکن پائن ایپل کو اس میں شامل کریں کر کے ملا لیں اور پیش کریں۔

میکسیکن میٹ بال اسٹو

اجزاء:

چکن کا قیمہ۔ آدھا کلو

نمک۔حسبِ ذائقہ

لہسن۔ پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ

سفید مرچ۔پسی ہوئی ایک چائے کا چمچ

ڈبل روٹی کا سلائس۔ ایک عدد

کشک دودھ کا پاؤڈر۔ دو کھانے کے چمچ

سرکہ چار۔ کھانے کے چمچ

انڈا۔ ایک عدد

ٹماٹر کا پیسٹ۔دو پیالی

ٹماٹوکیچپ۔ دو پیالی

شملہ مرچ۔دو عدد درمیانی

تازہ لال مرچ۔ آٹھ سے دس عدد

ہری پیاز۔تین سے چار عدد

کوکنگ آئل۔ حسب ضرورت

ترکیب:

قیمے کو دھو کر خشک کرلیں اور ہری پیاز کے ڈنٹھل اور پتیوں کو علیحدہ علیحدہ کاٹ کر رکھ لیں۔پھر قیمے کو چوپر میں ڈال کر ساتھ ہی ہری پیاز کے ڈنٹھل ، تین سے چار لال مرچیں، ڈبل روٹی کے سلائس اور ایک چائے کا چمچ لہسن ڈال کر پیس لیں۔اس میں نمک، خشک دودھ اور انڈا ڈال کر اچھی طرح ملائیں اور چھوٹے چھوٹے کوفتے بنا کر دس منٹ کے لئے فریج میں رکھ دیں۔فرائنگ پین میں کوکنگ آئل کو گرم کریں اور کوفتوں کو ہلکا سا فرائی کرکے نکال لیں۔علیحدہ علیحدہ پین میں تین سے چار کھانے کے چمچ کوکنگ آئل ڈال کر اس میں لہسن ڈال کر فرائی کریں۔پھر اس میں ٹماٹر کا پیسٹ اور کیچپ ڈال کر دو سے تین منٹ پکائیں اور فرائی کئے ہوئے کوفتے ڈال دیں۔چار سے پانچ منٹ پکا کر شملہ مرچ اور کٹی ہوئی لال مرچیں ڈالیں اور تین سے چار منٹ ہلکی آنچ پر رکھ کر اتارلیں۔پلیٹر میں پہلے گریوی نکال کر اوپر سے کوفتے رکھ دیں اورہری پیاز کی پتیاں چھڑک کر گارلک بریڈ کے ساتھ پیش کریں۔ 

تازہ ترین