کابینہ ڈویژن کی جانب سے کفایت شعاری اور تیل کی بچت کے اقدامات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ ان اقدامات کا اطلاق تمام وفاقی اداروں، وزارتوں، ڈویژنز، محکموں اور تنظیموں پر ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ان اقدامات کا اطلاق خود مختار اداروں، ریاستی ملکیتی اداروں ، قانون ساز، دفاعی اداروں پر ہوگا۔
ان اقدامات کا اطلاق عدلیہ پر بھی ہوگا، صوبائی حکومتیں بھی قومی کوشش کو یقینی بنانے کے لیے ان اقدامات کو اختیار کریں گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیوں پر کے لیے دو ماہ تک تیل کی فراہمی 50 فیصد کم کردی گئی، 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی ہوگی۔
وزراء، وزرائے مملکت ، مشیران، خصوصی معاونین دو ماہ تک تنخواہ نہیں لیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی اور صوبائی ارکان اسمبلی کی تنخواہ میں سے 2 ماہ تک 25 فیصد کٹوتی ہوگی۔ تین لاکھ سے زیادہ تنخواہ پانے والے گریڈ 20 اور اوپر کے وفاقی اور صوبائی افسران کی دو دن کی تنخواہ کٹے گی۔
جون 2026 تک ہر قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور حکومتی عہدیداروں کے غیرملکی سرکاری دورں پر مکمل پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ غیرملکی وفود کے دورے کے صورت کے سوا کوئی سرکاری عشائیہ نہیں ہوگا، تمام سرکاری سیمینار، ٹریننگ اور کانفرنسز نامزد کمیٹی کی پیشگی جانچ پڑتال سے مشروط ہوں گے۔
ضروری خدمات کے سوا ورک فرام ہوم 50 فیصد اسٹاف کے ساتھ کرنے کے انتظامات کیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہفتے میں چار دن کام ہوگا، تاہم اس کا اطلاق بینکنگ سیکٹر اور ضروری خدمات پر نہیں ہوگا۔
نجی شعبے کے اداروں کو بھی مذکورہ اقدامات کو اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ نجی شعبے کے اداروں میں عام تعطیلات کے دوران کام کرنے کی صورت میں اوورٹائم الاؤنس قواعد کے مطابق دیا جائےگا۔
تمام اسکول موسم بہار کی چھٹیاں 16 مارچ سے 31 مارچ تک کریں گے جبکہ اسکولوں میں امتحانات شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ہائر ایجوکیشن ادارے بشمول کالجز اور یونیورسٹیاں آن لائن کلاسز لیں گے۔
سڑکوں پر حد رفتار کم کردی گئی، موٹر وے پر 90 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ ہائی ویز پر حد رفتار کم کرکے 65 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شادی کی تقریبات اور پارٹیوں میں مہمانوں کی تعداد 200 تک محدود ہوگی۔ شادی کی تقریبات اور پارٹیوں میں صرف سنگل ڈش دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کفایت شعاری اور تیل کی بچت کے اقدامات پر عملدرآمد فوری ہوگا۔