• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سپرلیگ کا فیصلہ کن موڑ، ملتان سلطانز کیلئے پلے آف تک پہنچنےکا آخری موقع

شارجہ (عبدالماجد بھٹی/نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ کا میلہ اپنے فیصلہ کن مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ آخری چار دن میں چھ لیگ میچ پلے آف میں قسمت آزمائی کرنے والی چار خوش قسمت ٹیموں کا فیصلہ کریں گی ۔ امکان یہی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کی اسلام آباد یونائیٹڈ اور موجودہ کپتان سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز گروپ میں پہلی دو پوزیشن حاصل کریں گی۔ پہلی دو ٹیموں کے درمیان دبئی میں اتوار کو پہلا پلے آف ہوگا۔ فاتح ٹیم کو براہ راست کراچی فائنل کا ٹکٹ ملے گا جبکہ ہارنے والے ٹیم 21مارچ کو لاہور کے آخری پلے آف میں ایک بار پھر قسمت آزمائے گی۔ جبکہ دو بدقسمت ٹیمیں وطن واپسی کا سفر شروع کریں گے۔ منگل کو شارجہ اسٹیڈیم میں رات 9بجے سابق چیمپئن اسلا م آباد یونائیٹڈ کا میچ ملتان سلطانز سے ہورہا ہے۔ ملتان کے پاس پلے آف میں جانے کے لئے آخری چانس ہے۔ اس نے9میچ کھیلے ہیں چار جیتے ہیں اور چار ہارے ہیں ایک میچ بارش کی نذر ہوا تھا۔ اس کے نو پوائنٹس ہیں ۔اسلام آباد کی ٹیم نے سب سے کم سات میچ کھیلے ہیں۔ مصباح الحق کی قیادت میں اسلام آباد نے سات میں سے پانچ میچ جیتے ہیں اور اسے دو میں شکست ہوئی ہے۔ دس پوائنٹس کے ساتھ اسلام آباد اور کوئٹہ کی ٹیمیں گروپ میں ٹاپ پر ہیں۔ کوئٹہ نے آٹھ میچ کھیلے ہیں پانچ جیتے اور تین میں اسے شکست ہوئی ہے۔ کوئٹہ کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ کپتان سرفراز احمد کی میچ وننگ اننگز کے ساتھ بیٹنگ فارم میں واپسی ہوئی ہے۔ لاہور قلندرز مسلسل تیسرے سال پہلے مرحلے سے فارغ ہوچکی ہے۔ تاہم لاہور قلندرز نے ملتان اور کراچی کنگز کو دومسلسل میچوں میں شکست دی ہے۔ لاہور قلندرز کے پاس آگے جانے کا کوئی چانس نہیں ہے البتہ وہ دوسروں کی پارٹی خراب کرسکتی ہے۔ لاہور قلندرز کی پی ایس ایل 3 میں کارکردگی انتہائی بری رہی ہے ۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو سپر اوور میں ہرا دیا ۔ لاہور قلندرز نے سپر اوور میں کراچی کنگز کو فتح کے لیے 12 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں سنیل نرائن کی شاندار بولنگ کی بدولت کراچی کنگز کی ٹیم صرف آٹھ رنز ہی بنا سکی۔ اس شکست کی وجہ سے کراچی کی ٹیم ایک نئی مصیبت میں مبتلا ہوگئی ہے۔ اسلام آباد اور کوئٹہ کی بہترین پوزیشن کی وجہ سے لگتا ہے کہ ٹاپ 2پوزیشنز یہی دونوں حاصل کریں گی ۔ کراچی کنگز کو ابھی 2 میچز کھیلنے ہیں۔ ایک کامیابی اس کی مشکلات کو آسان کردے گی ۔ زلمی کو اپنے باقی دونوں میچز جیتنے ہیں جبکہ ملتان سلطانز کو واحد بچ جانے والے میچ میں لازمی کامیابی حاصل کرنی ہے۔ کراچی کنگز نے آٹھ میں سےچار میچ جیتے ہیں اور تین میں اسے ہار کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ پشاور زلمی کیلئے بھی آخری دونوں میچز میں غلطی کی گنجائش نہیں۔

تازہ ترین