• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
آؤ آج گرما گرم پراٹھا کھائیں

عمارہ ارشد

پراٹھےکی ابتداء برصغیر سے ہوئی۔ اس کا زیادہ استعمال پاکستان ، انڈیا، نیپال اور برما میں کیا جاتا ہے ۔ روٹی سادہ گندم کی بنی ہوتی ہے جس پر گھی کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے ۔ لیکن پراٹھا دہرا ہوتا ہے۔ جس میں کوئی بھی اجزاء تکہ، قیمہ، آلو، گوبھی، چنے وغیرہ ڈال کر اسے دہرا بنا دیا جاتا ہے اور گھی کا زیادہ استعمال ہوتا ہے ۔ پراٹھے کا لفظ دو لفظوں یعنی کہ پرات اور آٹے کا امتراج ہے۔ 

پراٹھے ان ممالک میں زیادہ شوق سے کھائے جاتے ہیں جو ممالک گندم کی کاشت کرتے ہیں۔ پراٹھے کو مختلف ممالک میں مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے۔ پنجابی میں اسے پرینٹھا،پرونٹھا، پرونٹے، پراٹھا وغیرہ کے نام سے جانا جاتا ہے جبکہ بنگال میں اسے پروٹا برما میں پولاٹا، اور سری لنکا ، مالدیپ اور موری شیئس میں اسے فراٹا کہا جاتا ہے ۔ پراٹھے کا لفظ سنسکرت سے نکلا ہے پراٹھے کو صبح کے ناشتے کے طور پر زیادہ پسند کیا جاتا ہے ۔

 کہا جاتا ہے کہ اس کے بغیرناشتے کا مزہ پھیکا ہے کچھ لوگ پراٹھے کو دوپہر کے لنچ کے طور پر بھی کھانا کھاتے ہیں۔جبکہ کچھ لوگ اسے انڈے کے ساتھ کھانا پسند کرتے ہیں اور اب تو صبح ناشتے میںدیسی گھی والے پراٹھے، آلو ، گوبھی، گاجر، مولی، پنیر، پودینے ، چنے والے پراٹھے نہایت ذوق و شوق سے کھائے جاتے ہیں۔

پراٹھے دیسی لوگوں کے ناشتے کی جان ہیں۔ پراٹھے میں میدے اور آٹے کو مکس کر کے ایک ڈو بنا کر چٹ پٹے اور مزیدار پراٹھے بنائے جاتے ہیں۔ کئی لوگ پراٹھا چائے کے ساتھ ناشتہ کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ پراٹھا ہر ملک میں مختلف سٹائل کے ساتھ بنایا جاتا ہے جیسے پنجاب میں زیادہ مولی ،آلو اور سبزیوں والے گول پراٹھے کھائے جاتے ہیں۔ 

ڈھاکہ اور مغربی بنگال میں لچھے دار پاپڑی والے پراٹھے پسند کئے جاتے ہیں۔ انڈیا ، بنگال، پاکستان اور برما میں کئی پراٹھے گول، کئی لچھے دار اور کئی چوکور شیب کے بنائے جاتے ہیں اور بے حد شوق کے ساتھ کھائے جاتے ہیں ، جبکہ مغربی ممالک میں وقت کی کمی اور پراٹھا بنانے کی مہارت میں کمی کے باعث فروزن ریڈی میڈ پراٹھا کھایا جاتا ہے۔

پراٹھا ہر ایک کا پسندیدہ ناشتہ ہے پراٹھے کی بے پناہ اقسام جو کہ لوگ شوق و ذوق سے کھاتے ہیںکچھ نئی ڈشز قارئین کی نذر پیش ہیں۔

قیمے والا پراٹھا

قیمہ پراٹھا مغلیہ شاہی کھانوں کی ڈش ہے یہ شاہی کھانا مغلیہ حکمرانوں کو مختلف کھانوں میں سے ایک ڈش کے طور پر پیش کیا جاتا رہا ہے، یہ پراٹھا جہاں کھانے میں بہت لذیذ ہے وہیں صبح کھانے کے بعد پورا دن تازگی اور انرجی فراہم کرتا ہے۔

اجزاء:

مٹن قیمہ(چوپ کیا ہوا).......... 500گرام

دہی ...........آدھا کپ

پیاز (کٹے ہوئے)...........دو عدد

ادرک لہسن کا پیسٹ.......... ایک کھانے کا چمچ

سبز مرچیں(کٹی ہوئی) ........... 3عدد

نمک ........... حسب ضرورت

ہلدی پائوڈر...........آدھا چمچ

زیرہ پائوڈر...........ایک چمچ

دھنیا پائوڈر...........دو چمچ

گرم مصالحہ پائوڈر...........ایک چمچ

پانی ...........ایک کپ

آئل...........آدھا کپ

پراٹھے کیلئے ۔:

اجزاء

آٹا...........دو کپ

گرم پانی ...........ایک کپ

آئل ...........تین چمچ

پانی ...........حسب ضرورت

تیاری کا عمل۔:

سب سے پہلے قیمہ کو اچھی طرح دھو لیں۔ اس کے بعد قیمہ کو دہی ، ہلدی، لال مرچ اور نمک میں میرنیٹ کریں اور آدھے گھنٹے کے لئے سائیڈ پر رکھ دیں۔

 تقریباً آدھے گھنٹے بعد گھی کو پین میں گرم کریں اور اس میں پیاز شامل کریں۔ پیاز کو 5منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں اسے کے بعد اس میں باقی سارے اجزاء ڈال کر مزید پانچ منٹ تک پکائیں۔ اب اس آمیزے میں میرینیٹ کیا ہوا قیمہ ڈالیں اور 10 منٹ تک پکائیں اب اس میں گرم مصالحہ پائوڈر پانی ڈال کر تقریباً 20منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں جبکہ درمیان میں کبھی کبھی تیز آنچ پر اسے جوش دلاتی رہیں۔ جب قیمہ مکمل طور پر گھل جائے تو چولہے کو بند کر دیں اور قیمے کو ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔

 اب پراٹھے کے لئے آٹا ، نمک اور پانی کو مکس کر کے ایک ڈو تیار کرلیں ڈو کو 5,6ایک جیسے سائز میں کر کے انکی الگ سے بالز بنا لیں پہلے بالز میں سے ایک بال کو چپاتی شیپ میں بنا کر اندر قیمے والا آمیزہ ڈالیں پھر دوسری چپاتی بنا کر ان دونوں کے درمیان میں قیمے والا آمیزہ ڈال کر روٹی کو اچھی طرح بیلیں اور توے پر گھی ڈال کر پراٹھے کو خوب پکائیں جب پراٹھا دونوں سائیڈ سے ہلکا برائون ہو جائے تو باقی پراٹھے بھی ایسے ہی بناکر گرما گرم سرو کریں اور پراٹھے کے ساتھ رائتہ اور سلاد مزے کو دوبالا کردے گا۔

مغلئی پراٹھا

یہ پراٹھا مغلیہ دور کا مزیدار پراٹھا ہے۔ یہ بہت زیادہ بھرا ہوا اور غذائیت سے بھرپور پراٹھا ہے اسے دیکھ کر منہ میں پانی آئے بغیر نہیں رہا جا سکتا۔ اس کو ناشتے اور کھانے کے طور پر بھی سرو کیا جا سکتا ہے۔

ڈو کیلئے۔:

میدہ...........ایک کپ

آٹا...........آدھا کپ

آئل ..ایک چمچ

نمک.........آدھا چمچ

پانی ...حسب ضرورت

انڈے مکس کیلئے...........دو عدد

پیاز (باریک کٹا ہوا)...........ایک عدد

سبز مرچیں (کٹی ہوئی)...........دو عدد

دھنیے کے پتے(کٹے ہوئے)..........تین چمچ

آئل ...........دو چمچ

نمک ...........حسب ضرورت

ترکیب۔:

ڈو کیلئے تمام اجزاءکو اکٹھا مکس کرلیں اور ڈو تیار کر کے اسے کسی برتن سے ڈھک دیں۔ اس کے بعد انڈوں کو اچھی طرح پھینٹیں اور اس میں پیاز، سبز مرچیں ، دھنیا پائوڈر، اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

 اس سب کے بعد ڈو والے مکسچر کے 6گول بالز بنا لیں اس کے بعد نان اسٹک پین میں تیل ڈال کر گرم کریں اور بالز میں سے ایک بال کو گول ڈو بنا کرپین میں ڈال کر ہلکی آنچ پر رکھیں اور اس کے اوپر انڈے والا مکسچر 3چمچ ڈال کر پھیلالیں اور اوپر دوسری گول روٹی ڈال دیں دونوں سائیڈ سے پراٹھے کو اچھی طرح گھی میں پکائیں اور چمچ کی مدد سے پراٹھے کو چوکور شیپ میں کاٹ لیں باقی ساری ڈو کیلئے بھی یہی طریقہ استعمال کریں۔ اور خستہ اور لذیذ پراٹھا چائے کے ساتھ تناول فرمائیں۔

شملہ مرچ پنیر پراٹھا

یہ پراٹھا بچوں کے لئے بھی بہت مزے کا پراٹھا ہے یہ بالکل نئی قسم کا پراٹھا ہے ۔ یہ غذائیت اور انرجی سے بھرپور پراٹھا ہے ۔

اجزاء۔:

آٹا ...........ایک کپ

شملہ مرچ (کٹی ہوئی)...........آدھا کپ

پنیر ...........آدھا کپ

لال مرچ...........ایک چمچ

پانی ...........حسب ضرورت آدھا کپ

نمک...........آدھا چمچ

آئل...........فرائی کرنے کیلئے

ترکیب۔:

سب سے پہلے آٹا، نمک اور پانی کو مکس کر کے ایک ڈو تیار کر لیں۔ اور ایک سائیڈ پر رکھ دیں۔ اس کے بعد شملہ مرچ کو ابال کر چوپ کر لیں اور اس میں چیز اور لال مرچ ڈال کر خوب اچھی طرح مکس کر لیں ڈو تیار کر یں اور اس کی ایک جیسی بالز بنا لیں سب سے پہلے ایک گول روٹی لیں اس پر شملہ مرچ والا آمیزہ ڈالیں اور اس کو رول کرلیں اور اوپر دوسری گول روٹی ڈال کر اسے بیل لیں اور توے پر فرائی کریں دونوں سائیڈ سے ہلکا برائون ہو جائیں تو گرما گرم اور مزیدار پراٹھا رائتے کے ساتھ سروکریں۔

یاد رہے کہ آپ سبز اور لال دونوں شملہ مرچ استعمال کر سکتی ہیں تاکہ بچے جو کھانے سے چڑتے ہیں ان کے لئے یہ پراٹھا خوبصورت اوردلکش لگے چیز بھی زیادہ مقدار میں شملہ مرچ کے ساتھ مزیدار ذائقہ دیتی ہے اس لئے گرما گرم پراٹھے سے فائدہ اٹھائیں ۔

پزا پراٹھا

اجزاء۔:

میدہ ...........دو کپ

پانی حسب ضرورت

نمک ...........آدھا چمچ

چکن بون لیس ...........ایک کپ

دہی ...........دو چمچ

تکہ مصالحہ ...........تین چمچ

آئل...........دو کھانے کے چمچ

موزریلا چیز(چوپ کی ہوئی.......ڈیڑھ کپ

شملہ مرچ(چوپ کی ہوئی)..........ایک کپ

سویٹ کارن(ابلی ہوئی)..........آدھا کپ

پیاز(کٹا ہوا)...........آدھا کپ

ٹماٹرکٹے ہوئے...........آدھا کپ

پیز ا ساس...........حسب ضرورت

ترکیب۔:

سب سے پہلے میدہ، نمک اور پانی کو مکس کر کے ڈو بنا لیں۔ اور سائیڈ پہ ڈھانپ رکھ دیں۔ اس کے بعد بون لیس چکن میں دہی، تکہ مصالحہ، موزیلا چیز کو مکس کر کے میرینیٹ ہونے کے لئے رکھ دیں۔ 

اور اس کے بعد نان اسٹک پین میں آئل ڈال کر گوشت کو فرائی کر لیں اور برتن میں سے نکال کر سائیڈ پر رکھ دیں۔ اس کے بعد ایک بائول میں پکے ہوئے گوشت، موزریلا چیز کئی ہوئی شملہ مرچ، ابلی ہوئی سویٹ کارن، کٹے ہوئے پیاز، ٹماٹر، ڈال کر اچھی طرح مکس کر یں اور ایک سائیڈ پر رکھ دیں اب میدے کی ڈو کو لیں اور آئل لگا کر اس کی بالز بنا لیں۔

 اب ایک بال لے کر روٹی کو بیلیں اور اس پر پزا ساس لگائیں اس کے بعد موزیلا چیز، شملہ مرچ والا آمیزہ اس کے اوپر ڈالیں اور آپ موزیلا چیز مزے کے لئے اور زیادہ بھی ڈال سکتے ہیں۔

اس کے بعد روٹی کو چوکور یا پیزا سٹائل میں کٹ کر کے رکھ لیں اور کسی پین میں آئل ڈال کر دونوں سائیڈ پیزا پر اٹھاکی پکائیں اور مزیدار پیزا پراٹھا تناول فرمائیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین