• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف نے شہید سب انسپکٹر کے اہلخانہ کو سوا کروڑ کا امدادی چیک دیدیا

شہباز شریف نے شہید سب انسپکٹر کے اہلخانہ کو سوا کروڑ کا امدادی چیک دیدیا

لاہور،چوہنگ(نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نےشہید سب انسپکٹر محمد اسلم کے اہلخانہ کو سوا کروڑ کا امدادی چیک دیدیا اور کہا کہ شہداء کے بچوں کو تعلیمی اخراجات برداشت کرنا ہماری ذمہ داری ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف رائیونڈ دھماکے میں شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر محمد اسلم کی رہائش گاہ لکھووال گاؤں گئے۔ وزیراعلیٰ نے شہید محمد اسلم کے والدین، بیوہ ،بچوں اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرنے کے بعد شہید محمداسلم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے اہل خانہ کو سوا کروڑ روپے کی مالی امداد کا چیک دیا اور اہل خانہ کیلئے مفت گھر دینے اور بیٹوں کو ملازمت دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید محمد اسلم کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔ شہید کے بچے اوربچیاںجتنا بھی پڑھنا چاہیںگے ان کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنا ہماری ذمہ داری ہے جبکہ شہید کے اہل خانہ کو علاج معالجے کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی اوراہل خانہ کو شہید کی تنخواہ باقاعدگی سے ملتی رہے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید کے ایک بیٹے کو پولیس میں بھرتی کیاجائے گا جبکہ دوسرے بیٹے کو اس کی تعلیمی قابلیت کے مطابق ملازمت دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے شہید محمد اسلم کے والدین ،بیوہ اوربچوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہداء پوری قوم کے ہیرو اور محسن ہیںاورآپ کے اہل خانہ کی ہرممکن دیکھ بھال ہمارا فرض ہے جو ہم احسن طریقے سے نبھائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ شہید محمد اسلم نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اور قوم یہ عظیم قربانی کبھی نہیں بھولے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے پولیس اہلکار ہمارا افتخار ہیں اور ہمیں اپنے بچوں کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہادت جیسے عظیم رتبے کا کوئی مول نہیں اور ہمارا ایمان ہے کہ شہید زندہ ہوتے ہیںاور شہید کی موت قوم کی حیات ہے اورآپ کے پیاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے۔قوم اپنے ایک ایک شہید کے خون کے قطرے کا حساب لے گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ لڑیں گے۔وزیراعلیٰ نے ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ مجاہد انور خان پاکستان ایئر فورس کے بہادر ، بلند حوصلہ اور محب وطن سپوت ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک فضائیہ دنیا کی بہترین فضائی فورس ہے۔ قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بہادری اور جرات پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے جری سپوتوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تاریخ رقم کی ہے۔ پاک فضائیہ کے افسروں اور جوانوں نے ملک میں امن کے قیام کیلئے بیش قیمت قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پاک فضائیہ کے سابق سر براہ ایئرچیف مارشل سہیل امان کی ائیر فورس اور ملک و قوم کیلئے شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سہیل امان نے پاکستان ایئر فورس کی بہتری اور ملکی دفاع کیلئے موثر انداز میں کام کیا ہے۔سہیل امان نے پاک فضائیہ کے سربراہ کے طور پر احسن طریقے سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ انہوں نے کہا کہ سہیل امان نے کیرئیر کے دوران ملک و قوم کیلئے شاندار خدمات سرانجام دیںاوران کی ملک کیلئے دفاع کیلئے خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے لی کی چیانگ کو دوسری مدت کیلئے چین کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ لی کی چیانگ کا بطور وزیر اعظم دوسری مدت کیلئے انتخاب چینی عوام کا ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا عکاس ہے اورانہوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے باعث قلیل عرصے میںچین کو دنیا کی مضبوط معیشت بنا دیا ہے اور گزشتہ پانچ برس میں نہ صرف چین کا عالمی سطح پر رتبہ بڑھا ہے بلکہ لوگوں کی زندگیوں میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چینی قوم نے اپنی عظیم لیڈر شپ کی رہنمائی میںبے روزگاری،غربت اورناانصافی کے خلاف اخلاص کیساتھ جدوجہد کی ہے۔ وزیر اعظم لی کی چیانگ کے وژن ،عزم اور محنت شاقہ کے بل بوتے پر مختصر عرصے میں چین دفاعی قوت بن کر ابھرا ہے،شہبازشریف نے گجرات میں طلبا پر تشدد کے واقعہ کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او گجرات سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ کی جامع تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ طلبا پر تشدد کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایسا واقعہ قابل افسوس ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

تازہ ترین