• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی کو برطانیہ آمد پر سخت احتجاج کا سامنا ہوگا، بیرسٹر سلطان

برمنگھم (نمائندہ جنگ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو برطایہ آمد پر سخت احتجاج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ حالیہ لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ سمیت مقبوضہ جموں و کشمیر کے اندر جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی سے عالمی برادری اور بالخصوص برطانیہ میں آباد اوورسیز کمیونٹی میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔ برٹش کشمیری متوقع بھارتی وزیراعظم کی برطانیہ آمد پر احتجاج کی نئی تاریخ رقم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کشمیر تحریک انصاف مڈلینڈ کے چیف آرگنائزر چوہدری خادم حسین کی صدارت میں مڈلینڈ کی ممبر سازی کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پارٹی رہنمائوں بیرسٹر کرامت حسین، رئوف مغل، سابق پارلیمانی امیدوار حلقہ چار چڑہوئی ناظم گجر، چوہدری امین رٹوی، چوہدری سلیم، غیض خان، اشتیاق خان زرگر، حاجی عبدالرزاق مرزا اسلم، غضنفر محمود، چوہدری بشارت و دیگر نے شرکت کی۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے بھی بہت جلد انٹرا پارٹی الیکشن کروائیں گے تاکہ طلبہ آگے بڑھ کر آئندہ کے لئے پارٹی کی قیادت کریں۔ ہم پاکستان کے تمام الیکشن تک نئی رکنیت سازی کرکے جماعت کو تیار کریں گے۔ پوری قوم چیئرمین عمران خان کو آئندہ وزیراعظم دیکھنا چاہتی ہے۔ چیف آرگنائزر چوہدری خادم حسین نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود کے ساتھ رفاقت30برس سے زیادہ عرصہ پر محیط ہے۔ سلطان محمود سے وفا نبھانا ہمارے خون میں شامل ہے۔ باقی ماندہ زندگی بھی سلطان محمود چوہدری کے ساتھ شانہ بشانہ گزاریں گے۔ سلطان محمود چوہدری نے آخر میں چوہدری خادم حسین کی ہمشیرہ کی وفات سمیت دیگر اراکین کے عزیز و اقارب کی وفات پر اجتماعی فاتحہ خوانی کی۔
تازہ ترین