• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے آئی ٹی راؤ انوار سے تفتیش جلد مکمل کرے: سپریم کورٹ

جے آئی ٹی راؤ انوار سے تفتیش جلد مکمل کرے: سپریم کورٹ

سپریم کورٹ آف پاکستان نے نقیب اللہ از قتل کیس میں بنائی گئی جے آئی ٹی کو جلد تفتیش مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔

نقیب اللہ قتل کیس میں نامزد معطل ایس ایس پی راؤ انوار گزشتہ روز اچانک سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے جس کے بعد عدالت نے ان کی حفاظتی ضمانت منسوخ کی اور عدالت کے حکم پر راؤ انوار کو احاطہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔

سپریم کورٹ نے نقیب اللہ از خود نوٹس کیس کا 4 صفحات پر مبنی تفصیلی فیصلہ جاری کرکے کیس نمٹا دیا۔

عدالت عظمیٰ کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ راؤ انوار کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم کردی گئی ہے، عدالت نے راؤ انوار کے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دیا ہے جب کہ نادرا کو ان کا بلاک شناختی کارڈ بھی بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سپریم کورٹ نے راؤ انوار سے تفتیش کے لیے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو جلد تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا ہےکہ جے آئی ٹی بغیر کسی دباؤ کے ،میڈیا کی خبروں سے مبرا ہوکر قانون کے مطابق شفاف تحقیقات کرے۔

عدالت نے تفتیش تک راؤ انوار کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل رکھنے کا حکم دیا ہے اور تحقیقات تک سندھ پولیس کو ملزم کی حفاظت کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

تازہ ترین