• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمیں مضبوط اور مستحکم نظام بنانے کی ضرورت ہے،ڈاکٹر اجمل خان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ قائد اعظم اور تحریک آزادی کے دیگر رہنماؤں نے اپنے غیرمتزلزل عزم اور بصیرت افروز قیادت کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا اور ان کیلئے الگ وطن قائم کیا۔ہمیں اپنی آزادی کی قدری کرنی چاہیے اور اپنے بزرگوں کی دی ہوئی قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے۔ قرارداد پاکستان نے تحریک پاکستان میں نئی روح پھونک دی تھی جس سے برصغیر کے مسلمانوں میں ایک نیا جوش اور ولولہ پیدا ہوا۔ معاشرے میں تعلیم عام ہو گی تو ایک مستحکم معاشرہ جنم لے گا اور جب مثبت معاشرہ پروان چڑھے گا تو وہاں پر ہر سو خوشحالی ہو گی اور امن و آشتی کا بول بالا ہو گا۔سرزمین پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار قدرتی وسائل و معدنیات سے مالامال کیا ہے، ہمیں صرف ایک مضبوط اور مستحکم نظام بنانے کی ضرورت ہے،ہماری نوجوان نسل سنجیدہ ہوتو پاکستان سے غربت کا خاتمہ کیا جاسکتاہے اگر نوجوانوں کی دلچسپی کا مرکز قومی مسائل کو بنا دیا جائے تو قومی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے بآسانی چھوٹے بڑے معاملات سے نمٹا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے موقع پرکلیہ فنون وسماجی علوم کی سماعت گاہ میں منعقدہ سیمینار بعنوان ’’نوجوانوں کا پاکستان ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر اجمل خان نے مزید کہا کہ اس طرح کے سیمینار ز کے انعقاد کا مقصد قومی اتحاد و یگانگت کو فروغ دینا اور نوجوان نسل میں آگے بڑھنے اور ترقی کی منازل طے کرنے کا مشترکہ جزبہ پروان چڑھانا ہے۔
تازہ ترین