• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قیام پاکستان ایک سنگ میل تھا جس پر پوری دنیا میں پاکستانیوں کو فخر ہے

قیام پاکستان ایک سنگ میل تھا جس پر پوری دنیا میں پاکستانیوں کو فخر ہے

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) برطانیہ کے ہائوسنگ، کمیونٹیز اور لوکل گورنمنٹ کے وزیر ساجد جاوید نے کہا ہے کہ قیام پاکستان ایک سنگ میل تھا جس پر پوری دنیا میں پاکستانیوں کو فخر ہے، انھوں نے کہا کہ 23مارچ ہمیں آزادی کی جانب ہماری پیش رفت کی یاد دلاتا ہے، انھوں نے ان خیالات کا اظہار تیسری سالانہ لیڈرز آف دی ٹو مارو کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس کا اہتمام ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز نے کیا تھا جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی نوجوانوں اور پروفیشنلز نے شرکت کی کانگریس کا آغاز پاکستانی اور برطانوی قومی نغموں سے کیا گیا، ساجد جاوید نے کہا ہے کہ 23مارچ آزادی کی جانب ہماری پیش رفت کی یاد دلاتا ہے انھوں نے کہا کہ برٹش پاکستانی وزیر کی حیثیت سے بات کرتے ہوئے مجھے فخر ہے کیونکہ برٹش پاکستانیوں نے سرکاری اداروں، نجی شعبے میں شاندار خدمات انجام دی ہیں، انھوں نے کہا کہ مجھے ایک پاکستانی بس ڈرائیور کا بیٹا ہونے پر فخر ہے اور اتنی بڑی تعداد میں برٹش پاکستانیوں کو پارلیمنٹ میں دیکھ کر مجھے خوشی ہوتی ہے۔ مربوط کمیونٹیز حکمت عملی گرین پیپر کے بارے میں باتیں کرتے ہوئے جس پر برطانوی حکومت نے کمیونٹیز کو باہم ملانے کے عمل کی حوصلہ افزائی کیلئے 50 ملین پونڈ خرچ کرنے کا اعلان کیا ہے انھوں نے کہا اس ملک میں آمد کے 15سال بعد میری والدہ کی جانب سے انگریزی سیکھنے کے فیصلے نے ان کی اور ان کی پورے خاندان کی زندگی بدل کر رکھ دی۔ اس سے انھیں گھر کے کپڑے کی تجارت کیلئے کام کرنے کا موقع ملا اس سے ان کے دوستوں کا ایک نیا حلقہ بنا اور برسوں بعد وہ میری بیوی اوراپنے پوتے پوتیوں سے کھل کربات کرنے کے قابل ہوسکیں۔ انھوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم دینے سے پوری خاندان کی زندگیوں میں نمایاں تبدیلی آسکتی ہے۔ انھوں نے تارکین وطن کیلئے انگریزی کی تعلیم کو وسعت دینے کاوعدہ کیا، انھوں نے کہا کہ انگریزی نہ بول سکنے والوں میں70فیصد خواتین ہیںاور ان کی اکثریت کاتعلق پاکستانی اور بنگلہ دیشی کمیونٹیز سے ہے۔اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر نے برٹش پاکستانیوں کی سخت محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ پاکستان کیلئے باعث فخر ہیں۔کنزرویٹو فرینڈز آف پاکستان کے شریک چیئرمین اور ڈبلیو سی اوپی کے چیئرمین سید قمر رضا نے برٹش پاکستانیوں کی کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کیااور کہا کہ آج ہم برطانیہ کے ہر شعبے میں شاندار خدمات انجام دے رہے ہیں۔انھوں نے ساجد جاوید کی کوششوں کی تعریف کی اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کایقین دلایا۔ڈبلیو سی اوپی کے شریک بانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر عارف انیس ملک نے سالانہ کانگریس کاپس منظر بیان کیا اورکہا کہ ہمیں درپیش چیلنجوں اوربحرانوں کامقابلہ کرنے کیلئے خود کو ان چیلنجوں سے بڑا بنانے کیلئے زندگی میں کسی کو رول ماڈل بنانا چاہئے اور اس کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ترقی کے مدارج طے کرنے چاہئیں۔ کانگریس میں خواتین کے وفد کی قیادت ثنیا قریشی نے کی جبکہ وفد میں فائزہ رضوی صائمہ خان ،عالیہ افضل اوردیگر خواتین شامل تھیں۔سیاست کے ذریعے خواتین کوبااختیار بنانے سے متعلق موضوع کی قیادت کی عالیہ افضل نے کی انھوں نے کنزرویٹو خواتین کی تنظیم کی سربراہ جولی الیس کا تعارف کرایاجنھوں نے عوام اور کمیونٹیز کی خدمت کرنے کیلئےبرطانوی سیاست میں حصہ لینے کیلئے خواتین کی حوصلہ افزائی کی۔چمپینز لیگ کی قیادت بیرسٹر رباب رضوی نے کی جہاں مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والوں کی صلاحیتوں کااعتراف کیاجاتاہے لندن میںمسلم پولیس افسران کی ایسوسی ایشن کی صدر عمر حق نے ایسوسی ایشن کی جانب سے باتیں کرتے ہوئے ڈبلیو سی اوپی کی کوششوں کی تعریف کی۔ پاکستان کی معروف ماہر تعلیم بائلہ رضا نے تنظیم کی ایجو نیشن پراجیکٹ کا پس منظر بیان کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ پراجیکٹ پاکستان کے سکولوں تخلیق اور ایجادات کو شامل کرکے ایک گیم چینجر شامل ہوگا ۔تنظیم کی انٹیگریشن ٹیم کی جو بیشتر برطانوی شہریوں پر مشتمل ہے کی قیادت استھر داس نے کی ،پریزنٹیشن مین دیگر لوگوں کے علاوہ سٹیفی سوتر ،ٹریور سوتر اینڈریو زوائن اور دیگر شامل تھے ۔ آخر میں ڈاکٹر سہیل چغتائی نے حاضرین کاشکریہ ادا کیااور برٹش پاکستانیوں میں اعلیٰ نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والوں کی نشاندہی کرنے میں تعاون کرنے والی تنظیموں کاشکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین