دنیا کو بچوں کا کھلونا سمجھنے والے’مرزا غالب‘ اپنی موت کے تقریباً ڈیڑھ سو برس بعد اپنے دور کے کلکتہ اور آج کے کولکتہ پہنچ گئے،لیکن ’ اپنی زبان اردو میں نہیں بلکہ رومن اردو میں‘۔
آگرہ میں 221 برس قبل پیدا ہونے والے اردو کے بہت بڑے شاعر مرزا اسد اللہ خان غالب کے چاہنے والے دنیا بھر میں پائے جاتے ہیں، ان کے کلام کی دھوم اب بھی چار سو پھیلی ہوئی ہے۔
اپنے اشعار میں جہان معنی آباد کرکے چاہنے والوں کے نام چھوڑ جانے والے غالب سے محبت کا اظہار مختلف پیرائوں میں آشکار ہو رہا ہے،اس کی ایک جھلک بھارتی ریاست مغربی بنگال کے مرکزی شہر کولکتہ کی گلیوں میں دکھائی دے رہی ہے۔
خود کو اردو متوالہ کہنے والے غالب کے مداح مدور پتھرایا نے کولکتہ کی مرزا غالب اسٹریٹ میں ان کے اشعار کو رنگ و روپ کا ایسا سلیقہ بخشا ہے کہ دیکھنے والا غالب کا دیوان ایک بار پھر تھمنا چاہیے۔
بس بات اتنی سی ہے کہ دیوان غالب میں اشعار اردو میں ملتے ہیں، لیکن کولکتہ کی گلی میں غالب کے اشعار رومن اردو میں اپنی تازگی بکھیر رہے ہیں۔
غالب کی شاعری کی جانب لوگوں کو متوجہ کرنے کے لئے مدور پتھرایا نے اس بار سڑک پر بدنما نظر آنے والے بجلی کے بکسے کو رنگ و روپ سے مزین شاعری کا ورق بنادیا ہے اور ایسا انہوں نے محکمہ بجلی کی اجازت سے کیا ہے،جنہیں ان کا خیال بہت ہی خوب لگا۔
مرزا غالب کی اسٹریٹ پر لگے بکسوں میں سے کسی پر لکھا ہے کہ ’یار سے چھیڑ چلی جائے اسد،گر نہیں وصل تو حسرت ہی سہی‘۔
اور کہیں پر غالب کے کہے کو یوں نمایاں انداز میں لکھا گیا ہے کہ ’ بازیچہ اطفال ہے دنیا میرے آگے، ہوتا ہے شب و روز تماشہ میرے آگے‘۔
مدور پتھرایا نے اپنے رنگ و نور کے جہاں سے کولکتہ کے شہریوں کے سامنے یہ بھی کہہ دیا کہ ’ ہیں اور بھی دنیا میں سخنور بہت اچھے، کہتے ہیں کہ غالب کا ہے انداز بیاں اور ‘۔
کہیں غالب کا یہ فلسفہ بھی خوب انداز میں لکھا کہ ’رگوں میں دوڑتے پھرنے کے ہم نہیں قائل، جب آنکھ ہی سے نہ ٹپکا تو پھر لہو کیا ہے‘۔
غالب کے مداح نے اس پر ہی بس نہیں کیا اور اہل کولکتہ کو بتادیا کہ ’ یہ مسائل تصوف یہ تیرا بیان غالب،تجھے ہم ولی سمجھتے جو نہ بادہ خوار ہوتا‘۔
غالب کی دلی کیفیت کو رنگوں سے سجے بکسے پر کچھ اس انداز میں تحریر کیا ’ان کے دیکھے سے جو آجاتی ہے منہ پر رونق ،وہ سمجھتے ہیں کہ بیمار کا حال اچھا ہے ‘۔
غالب کے معنی خیز اشعار اہل کولکتہ تک پہنچے، ہم تک اور اب آپ تک بھی پہنچ گئے ہیں، تو آئیں ایک بار پھر غالب کی یاد کو تازہ کریں۔