وٹفورڈ (جنگ نیوز)وزیراعظم آزادکشمیر کے سابق مشیر چوہدری محمد الیاس ایڈووکیٹ نے دورہ وٹفورڈ کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا گلگت بلتستان کشمیر کا حصہ ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام ہمارے بھائی ہیں وہ ریاست جموں کشمیر کے شہری ہیں انہیں ہم سے جدا نہیں کیا جاسکتا۔ قیام پاکستان سے لیکر آج تک جتنے بھی آئین بنائے گئے ہیں ان میں گلگت بلتستان کو کشمیر کا حصہ تسلیم کیا گیا ہے۔ کشمیرمیں رائے شماری ہونے کے بعد اسکی آئینی حیثیت کا تعین ہوگا۔ انہوں نے کہا حکومت پاکستان کشمیر کے حوالے سے معاہدہ کراچی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کشمیر کے شمالی علاقہ جات کو گلگت بلتستان کو خلاف قانون غیرآئینی و متنازعہ صوبہ نہیں بناسکتی۔ پاکستان کی بہتری اسی میں ہے کہ وہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے علاقہ جات کو آئینی قانونی و جغرافیائی حوالے سے آزاد کشمیر حکومت کے حوالے کرے اور بڑا بھائی ہونے کا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا آزاد کشمیر کو تجربہ گاہ نہ بنایا جائے بلکہ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف جمہوری روایات کا احترام کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے ہونے والے انتخابات سے قبل گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو ایک یونٹ میں ضم کرنے کا اعلان کریں۔ اس حوالے سے پاکستان کی قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے یہ وفاق کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں اور وفاق آف پاکستان کے درمیان پیدا ہونیوالے تحفظات و خدشات ختم کرے نیز گلگت و بلتستان کو غیرآئینی متنازعہ صوبہ بنانے پر کشمیر پر پاکستان کا موقف کمزور ہوگا۔ چوہدری محمد الیاس سابق مشیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کا مسئلہ حل ہونے تک آزاد کشمیر کے انتخابات روک دیئے جائیں۔شمالی علاقہ جات کشمیر کا حصہ ہیں آزاد کشمیر کے انتخابات میں گلگت بلتستان کے عوام کی شرکت انتہائی ضروری ہے تاکہ ان کے حقوق کا تحفظ ہوسکے۔