• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایوارڈز میرے کام میں نکھار پیدا کرتے ہیں؛ علی ظفر

  ایوارڈز میرے کام میں نکھار پیدا کرتے ہیں؛علی ظفر

پاکستانی گلوکار اور بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دِکھانے والے فن کار علی ظفر نے کہا ہے کہ ایوارڈز میرے کام میں نکھار پیدا کرتے ہیں۔

جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلم فیسٹیول میں ایوارڈ حاصل کرنا بہت اچھا لگا اور کراچی فنکار نواز شہر ہے، میں نے بھارت کی 7فلموں میں اداکاری کی جبکہ 2فلموں کا میوزک بھی دیا، اب میری ساری توجہ اپنی ذاتی فلم ’طیفہ اِن ٹریبَل‘ پر ہے،اس فلم کی ہیروئن مایا علی کو فلم بین نئے روپ میں دیکھیں گے ،فلم کو 20جولائی کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گلوکار علی ظفر نے مزید کہا کہ سچی موسیقی وہی ہوتی ہے جو دل سے نکلے اور دل میں اُترجائے ،پاکستان میں غیر فلمی موسیقی نے دنیا بھر میں اپنی مقبولیت اور پہچان بنائی ،گزشتہ چند برسوں سے پاکستانی فلمی موسیقی پر بالکل توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے فلموں کے گانے مقبول نہیں ہورہے۔

علی ظفر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کا دوسر اجنم ابھی حال ہی میں ہوا ہے اِسے آہستہ آہستہ پروان چڑھنے دیا جائے تنقید کرنے کے بجائے جو اچھا کام ہورہا ہے اُسے سراہا جائے ،چند برسوں میں پاکستانی فلم انڈسٹری ماضی کی طرح شاندار کامیابیاں حاصل کرے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ،کمی ہے تو صرف اس بات کی ہے کہ ہم ایک دوسرے کے کام کو قبول نہیں کرتے، اُسے سراہتے نہیں ہیں ،اُسے سپورٹ نہیں کرتے ،اسی وجہ سے ہمارے ملک میں شوبز انڈسٹری مسائل کا شکار رہتی ہے ۔میں نے کترینہ کیف کے ساتھ بھی فلم ’’میرے برادر کی دلہن‘‘میں مرکزی کردار ادا کیا اور اب میرے مداح مجھے پاکستانی اداکارہ مایا علی کے ساتھ پردہ اسکرین پر دیکھیں گے۔

علی ظفر نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ سوشل میڈیا نے ہماری زندگیوں میں مشکلات پیدا کردی ہیں ،جسے دیکھو وہ سیلفی بنانے میں مصروف ہے ،چار دوست آپس میں بیٹھے ہوتے ہیں تو تمام کے تمام اپنے موبائل فونز میں مصروف رہتے ہیں، معاشرے سے مکالمہ ختم ہوتا جارہا ہے میں ذاتی طورپر سوشل میڈیا کو پسند نہیں کرتا ،کبھی انسان کا موڈ کیسا ہوتا ہے ،کبھی اُس نے کپڑے کیسے پہنے ہو ،لیکن سیلفی بنانے والوں کو اس چیز کی پرواہ نہیں ہوتی۔

تازہ ترین