نیوکاسل(پ ر) پی ٹی آئی کشمیر نارتھانگلینڈ کے سیکرٹر ی جنرل ڈاکٹر پرویز محمود چوہدری نے کہا ہے کہ دولت مشترکہ سربراہان کانفرنس کے موقع پر مودی کی برطانیہ آمدکے خلاف بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی جانب سے18اپریل کو لندن میں پارلیمنٹ کے سامنےاحتجاجی مظاہرے کا اعلان احسن اقدام ہے، جس کی پی ٹی آئی نارتھ زون بھرپور حمایت کرتی ہے،بھارتی وزیراعظم مودی کشمیریوں کا قاتل اور دہشت گرد انسان ہے، انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ سربراہان کے سامنے مودی کو بے نقاب کرنے کے لئے تمام مکاتب فکر کے ساتھ مل کر بڑا احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ ہم دولت مشترکہ سربراہان کو یہ باور کرا دیں گے کہ برصغیر میں امن اور سلامتی کا راستہ کشمیر سے ہوکر جاتا ہے۔ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر پورے خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا، بھارت کو غاضبانہ قضہ چھوڑ کر کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دینا پڑے گا، اس احتجاجی مظاہرے سے بھارت اقوام عالم میں بے نقاب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 18اپریل کااحتجاجی مظاہرہ تحریک آزادی کشمیر میں ایک اہم دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا اگر برطانیہ سکاٹ لینڈ کی عوام کو ریفرنڈم کا حق دے سکتا ہے تو اسے لازمی طور پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کرنی چاہئے۔