پشاور(سٹی رپورٹر)پشاور امن جرگہ کے چیئرمین کمال شاہ باچا پر مردان پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر کیخلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا‘ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مردان پولیس کیخلاف نعرے درج تھے مظاہرین نے شدید نعرے بازی بھی کی مظاہرے کی قیادت امن جرگہ ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری سعید اللہ، سہیل اقبال اور دیگر کررہے تھے مظاہرین نے بتا یا کہ تقریباًتین ہفتے پہلے مردان میں سات سالہ حارث خان کو نامعلوم افراد نے جنسی تشدد کے بعد قتل کیا جس کیخلاف امن جرگہ کے چیئرمین کمال شاہ باچا نے مردان میں پر امن احتجاج کرتے ہوئے پولیس کو دو دن کے اندر قاتلوں کی گرفتار ی کی ڈیڈلائن دی جس پر مردان کے اے ایس پی عثمان ٹیپو نے کمال شاہ باچاکو گرفتار کرکے اس پر شیرگڑھ پولیس سٹیشن میں اغوا برائے تاوان کا جھوٹا مقدمہ درج کیا ، ان کا کہنا تھا کہ ہم مردان پولیس کی غنڈہ گردی نہیں مانتے، انہوں نے صوبائی حکومت اور آئی جی خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا کہ اے ایس پی مردان عثمان ٹیپو اور شیرگڑھ تھانہ کے ایس ایج او محمد دراز کیخلاف کارروائی کرکے اور کمال شاہ کیخلاف جھوٹے ایف آئی آر کو واپس لیا جائے۔