• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنونی سیاست اور جنونی ریاست کی سازش نہیں چلے گی ،احسن اقبال

اسلام آباد(مانیٹرنگ سیل)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ جنونی سیاست اور جنونی ریاست کی سازش نہیں چلے گی، ختم نبوت کسی مولوی کا نہیں ہر مسلمان کا مسئلہ ہے، اقتصادی راہداری پر دشمنوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں،دشمن الیکشن کی فضا میں تشدد شامل کرنیکی کوشش کریگا، چین کے لوگ مہمان ہیں پاکستان کی ترقی میں حصہ لے رہے ہیں اور خلیجی ممالک میں پاکستانی محنت کشوں کے بھی بیسیوں جھگڑے ہوتے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری اس صدی کا بہترین موقع ہے۔ اس پر دشمنوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں، چین کے لوگ مہمان ہیں پاکستان کی ترقی میں حصہ لے رہے ہیں، جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی لیکن خلیجی ممالک میں پاکستانی محنت کشوں کے بھی بیسیوں جھگڑے ہوتے ہیں۔حسن اقبال نے کہا کہ دھرنے پاکستان کی ترقی اور عالمی تشخص کےخلاف ہیں، ختم نبوت کسی تحریک یا مولوی کا نہیں ہر مسلمان کا مسئلہ ہے، پاکستان کا ہر وہ شہری جس نے کلمہ پڑھا ہے وہ ختم نبوت پر جان دینا جانتا ہے، پاکستانی قوم کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنا اور ختم نبوت کو سیاسی نعرہ بنا کر پاکستان کے مفاد میں نہیں، دشمن پاکستان کو مذہبی جنونیوں کے ملک کے طور پر پیش کر رہے ہیں، ہمیں پاکستان کو جنونی سیاست اور جنونی ریاست کی سازش سے بچانا ہے، دشمن الیکشن کی فضا میں تشدد شامل کرنے کی کوشش کرے گا۔ سیاسی اور مذہبی جماعتیں سیاسی حرارت کو بے قابو نہ ہونے دیں، بیانات اور تقاریر میں ایک دوسرے کے خلاف نفرت سے گریز کریں۔
تازہ ترین