’’یرقان‘‘ کاعلاج دواؤں کی بہ نسبت غذا ؤںسے زیادہ بہتر طور پر کیا جاتا ہے۔ اس بیماری میں چند احتیاطیںضروری ہیں۔ یرقان کے مریض بیماری کے دوران ہر قسم کی جسمانی مشقت چھوڑ دیں۔ نمک، مرچ اور روغن میں پکے ہوئے کھانوںکی بجائے پھل اور کچی سبزیاں استعمال کریں۔ ذیل میں ہم چندایسے پھلوں، سبزیوں اور جڑی بوٹیوں کے بارےمیں بتا رہےہیں جو مریضوں کے لیے غذا بھی ہیں اور مرض کا علاج بھی۔
احتیاط
برف کا کثرت سے استعمال کرنا جگر میں ورم پیدا کرتا ہے۔ جتنا ممکن ہوسکے اس سے گریز کریں، مرغن یا ثقیل غذا کا استعمال نہ کریں،اس سے جگر کا فعل متاثر ہوتا ہے، اس لیے صرف کچی سبزی یا پھلوں کا رس استعمال کریں۔
کدو
کدو کےقتلے کاٹ کرشوربے دار پکائیں، چکنائی کی مقدار نہ ہونے کے برابر ہو۔ دھنیا‘ سفید زیرہ‘ ادرک‘ کالی مرچ‘ ہلکا سا نمک‘ لہسن ڈالیں۔ سرخ یا ہری مرچ، کسی بھی قسم کاگرم مسالہ اور کھٹائی نہ ڈالیں۔شدید بھوک لگنے پرکدو کے قتلے کھاکر شوربہ پی لیں ۔کسی بھی قسم کا اناج نہ کھائیں ۔ دو سے تین روز بعد شدید بھوک میںڈبل روٹی‘ دلیہ‘ مونگ کی دال اور چاول کی کھچڑی کھائیں، وہ بھی انتہائی معمولی مقدار میں۔ مولی‘ گاجر‘ کھیرا‘ لوکی‘ توری بھی بغیر مرچ اور گرم مسالے کےابلی ہوئی یا کچی کھا سکتے ہیں۔ کمزوری محسوس کریں تو غذا کے ساتھ خالص شہد بھی کھالیں تو مزید بہتر ہوگا۔
ادرک
نصف ادرک باریک کٹی ہوئی، سونف ایک چائے کا چمچہ اور پودینہ کی دس پتیاں250ملی لیٹر پانی میں ڈال کر قہوہ بنا لیں اور ایک ایک پیالی، دن میں تین سے چار مرتبہ بغیرشکر کے پئیں۔ تازہ پسی ہوئی ادرک نصف چائے کا چمچہ ،ایک چمچہ پانی ‘ اتنی ہی مقدار میںلیموں اور پودینے کا عرق ، ایک چائے کا چمچہ شہد ملا کر آمیزہ بنالیں۔ اسے دن میں تین سے چار مرتبہ چاٹیں۔
گاجر
گاجر کا مربہ بنا کرروزانہ ایک کھانے کا چمچہ کھائیں، مربہ بنانے کا طریقہ یہ ہے کہ ایک کلو عمدہ قسم کی گاجر ، ایک کلو شہد اور آدھا لیٹر پانی لیں۔ گاجروں کو لمبائی کے رخ میں دو حصو ںمیں کاٹیں اور پانی میں ڈال کردھیمی آنچ پر پکائیں، دوسری پتیلی میں الگ سے ایک لیٹر پانی ڈال کر ابالیں۔کچھ دیر بعداس میں شہد ڈال کر اچھی طرح حل کریں اوراتنا پکائیںکہ شیرہ بن جائے تو اتار لیں۔ گاجریں جب اچھی طرح گل جائیں تو انہیں مرتبان میں ڈال کر اس میں شیرہ ڈال کر ڈھکن سے بند کردیں۔ دوسرے روزدو کھانے کے چمچہ کے برابر کھائیں، مربہ کھانے کے بعد ایک چائے کے چمچے کے برابر سونف اور پانچ سبز الائچی کچل کر ایک پیالی پانی میں جوش دے کر چھان لیں اورتھوڑی سی چینی ملا کر پی لیں۔ سونف اور الائچی کی چائے دن میں تین بار پئیں، اس سے مرض میں افاقہ ہوتا ہے۔
کھیرا
کھانے سے پہلے اس پر کالا نمک چھڑکیں، اس سےمعدے اور جگر کی گرمی ختم ہوجاتی ہے ۔ یرقان کے مرض میںاس کا کثرت سے استعمال نہایت اکسیر ہے۔
مولی
یرقان کے مریضوں کے لیےمولی مفید سبزی ہےاسے کچا کھائیں، اس کے ساتھ گُڑ کھانے سے یہ جلد ہضم ہوتی ہے۔ مولی کا رس چینی میں ملا کر پئیں، مولی کے پتے بھی مفید ہیں۔ ایک پاؤ پتوں کا رس نکال کر اس میں دو کھانے کے چمچےدیسی شکر ملانے کے بعد چھان کر روزانہ ایک پیالی سات دن تک پئیں۔
ملیٹھی
ملیٹھی،سونف اور دارچینی ، تمام اشیاء تین، تین گرام ،رات کو آدھا گلاس پانی میں بھگو دیں ،صبح پانی نتھار لیں۔ اس میں پچاس ملی لیٹرمولی کے پتوںکا رس ملا کرنہار منہ پئیں، صبح یہ اشیاء اسی طرح پانی میں بھگو کر رکھ دیں اورشام کو رس بنا کر پئیں۔
ارجن کے پتے
ارجن کے پتے شام کے وقت مٹی کے برتن میں بھگودیں، صبح انہیںکچل کر کسی صاف برتن میں چھان کر پی لیں، صبح ان پتوں کو دوبارہ پانی میں بھگوئیں، ان کا پانی شام کے وقت پی لیں۔21 روزتک متواتر یہ نسخہ صبح و شام استعمال کرنے سے مرض ختم ہوجائےگا۔
آنبہ ہلد ی
سات ماشہ آنبہ ہلدی پیس کرشہد میں ملا کر روزانہ ایک چائے کاچمچہ صبح و شام کھائیں، تیر بہ ہدف نسخہ ہے۔
ببول کے پھول
ببول کے پھول سکھانے کے بعد، اس میںہم وزن مصری ملا کر پیس لیں۔روزانہ ایک ہفتہ تک صبح و شام چھ چھ ماشہ کھائیں۔
چنے کی بھوسی
رات کوچار تولہ چنے کی بھوسی ایک گلاس پانی میں بھگودیں اور صبح چھان کردو تولہ پسی ہوئی مصری میں ملاکر پی لیں،چند روز پینے سےافاقہ ہوگا۔
لیموں
دوسے تین عدد لیموں کا رس نچوڑ کر تین چھٹانک پانی میں ملائیں۔ سونے سے پہلے اسے پی لیں۔ چارسے پانچ روزتک اس کے استعمال سے یرقان کی علامات ختم ہوجاتی ہیں۔
کلونجی
ایک پیالی دودھ میں نصف چائے کا چمچہ کلونجی کا تیل ملا کر نہار منہ اور رات سونے سے قبل پئیں۔
لوکی
لوکی کے بیج نکال کر پیس لیں اور ان کا دودھ نچوڑ کرمریض کوپلائیں۔
میتھرے
میتھی کے بیجوںکو میتھرے کہا جاتا ہے۔ایک پاؤ میتھرے اور ایک پاؤچھوٹی الائچی کو اکٹھا پیس لیں۔ مذکورہ سفوف ایک ، ایک چائے کا چمچہ صبح وشام ایک پیالی دودھ کے ساتھ کھائیں۔
انار
رات کو انار کے پچاس گرام کے قریب دانوں کا رس نکال کرلوہے کے کسی صاف برتن میں رکھ دیں۔صبح مصری ملاکر پلائیں۔انار کا سواسیر پانی تھوڑی دیر رکھیں تو کچھ بھاری اجزا نیچے بیٹھ جاتے ہیں۔ان کو چھان کر نکال دیں اس کے بعد اس میں ایک پاؤ دیسی شکراور ایک تولہ سونف پیس کر ملا کربوتل میں ڈال دیں پھر اس کو دھوپ میں رکھیں۔ بوتل ایک چوتھائی خالی ہو۔ ایک ہفتہ اسے یو نہی رہنے دیں لیکن ہلاتے رہیں۔بعد ازاںاس سیال کے تین سے نوتولے روزانہ کھانے سے افاقہ ہو گا۔
گنا
یرقان کے مرض میں گنے کا رس شفاء بخش ہوتا ہے،اس کا بہ کثرت استعمال نہ صرف مرض ختم کرتا ہے بلکہ اس کی وجہ سے پیدا ہونے والی جسمانی کمزوری بھی دور ہوتی ہے۔
آک کا دودھ
آک ایک پودا ہوتا ہے، اس کے پتے یا شاخ توڑنے پر سفید گاڑھا دودھ نکلتا ہے۔ اس دودھ کے تین قطرے دائیںہتھیلی پر ڈالیں اور اس سے دائیں پیر کے تلوے پر ملیں ۔ جب دودھ چپکنے لگے توملنا بند کر دیں اور 5 منٹ تک لگا رہنے دیں ۔اس کے بعد تازہ پانی سے دھو لیں۔ دوسرے دن یہی عمل بائیں ہاتھ اور پیر کے ساتھ کریں۔یہ عمل روزا نہ باری باری دونوں ہاتھوں اور پیروں کے ساتھ کریں۔ایک ہفتے کےکے بعد پیلے اور کالے یرقان سے نجات مل جائے گی۔
چھاچھ
چھاچھ اس مرض کے لیے بہترین مشروب ہے۔ ایک گلاس چھاچھ میں نمک، پسی ہوئی کالی مرچ اورپسا زیرے کی ایک ایک چٹکی ڈال کر دن میں دو مرتبہ پینے سےفائدہ ہوتا ہے۔چھاچھ کے ساتھ ایک ماشہ مولی کا نمک روز کھانے سے جگر کے افعال درست اور یرقان ختم ہوجاتا ہے۔
ٹماٹر
ایک گلاس ٹماٹر کے رس میں ایک چٹکی نمک اور کالی مرچ کا سفوف ڈال کر پینے سے افاقہ ہوتا ہے۔