• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویج بورڈ کی سمری وزیر اعظم و کابینہ کوبھجوا دی ،آج منظور ہوگی ، مریم اورنگزیب

اسلام آبا د ( ایوب ناصر / بلال ڈار) ویج بورڈ کی تشکیل کیلئے وزارت اطلاعات و نشریات نے میڈیامالکان ، صحافیوں اور میڈیا ورکرزکے ناموں پر مشتمل سمری وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ سے منظوری کیلئے ارسال کر دی، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی یقین دہانی کے بعد پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے ) اور ایپنک نے پارلیمنٹ کے سامنے دھرنے و تادم مرگ بھوک ہڑتال کی کال بدھ تک موخر کر دی ۔ پی ایف یو جے اور ایپنک کی جانب سے آٹھویں ویج بورڈ کی تشکیل ، الیکٹرونک میڈیا کیلئےسروس سٹرکچر بنانے اور کنٹریکٹ سسٹم کے خاتمے پر مشتمل مطالبات کی منظوری کیلئے گزشتہ روز (سوموار ) کو پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنے کی ملک گیر کال دی ہو ئی تھی جس میں شرکت کرنے کیلئے چاروں صوبوں اور وفاقی دارلحکومت سے نہ صرف سینکڑوں صحافی و میڈیا ورکرز بلکہ ساتھ دینے کیلئے سی ڈی اے ، واپڈا سمیت مختلف اداروں کی ٹریڈ یونینز ، سول سوسائٹی کے بڑی تعداد میں نمائندے اور ورکرز بھی نیشنل پریس کلب اسلام آباد ( این پی سی) پہنچ گئے تھے ۔ دن ساڑھے بارہ بجے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، پریس انفارمیشن آفیسر سلیم بیگ ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) مشتاق احمد اور وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام مذاکرات کرنے کیلئے این پی سی پہنچ گئے،دوران مذاکرات وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے پی ایف یوجے کو پیشکش کی کہ حکومت تحریری طور پر ویج بورڈ کیلئے مالکان سے نام مانگ لیتی ہےاور جیسے ہی نام موصول ہونگے ویج بورڈ کی سمری منظوری کیلئے وزیر اعظم کو ارسال کر دی جائے گی جسے پی ایف یو جے نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق حکومت میڈیا مالکان سے نام مانگنے کی پابند نہیں ہے بلکہ خود ہی مالکان کے نام شامل کر سکتی ہے جیسا کہ پہلے ویج ایوارڈ کی مرتبہ کیا گیا تھا، ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت اسی فارمولے پر عمل درآمد کرے ،اس پوائنٹ پر دن بھر مذاکرات جاری رہے اور ایک موقع ایس ابھی آیا جب یہ گمان کیا جانے لگا کہ مذاکرات ناکام ہو جائیں گے مگر شام پانچ بجے فریقین کے مابین فارمولہ طے پا گیا جس کا اعلان وزیر مملکت اطلاعات و نشریا مریم اورنگزیب ، صدر پی ایف یو جے افضل بٹ ، سیکرٹری جنرل ایوب جان سرہندی نے ملک بھر سے آئے ہوئے سینکڑوں کارکنان کی موجودگی میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ دن بھر جاری رہنے والے مذاکرات کے نتیجے میں طے ہونے والے فارمولے کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات نے مالکان ، پی ایف یو جے اور ایپنک کے نمائندوں کے نام شامل کر کے سمری منظوری کیلئے وزیر اعظم و کابینہ کوبھجوا دی ہے جس کی منظور ی آج (منگل ) ہو جائے گی جس کے فوری بعد ویج بورڈ کی تشکیل کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیاجائے گا ۔اس موقع پر صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا کہ ہم اپنی کال کو بدھ (کل ) تک موخر کرتے ہیں اور اگر بدھ تک نوٹیفیکیشن جاری نہ ہوا تو ہم پارلیمنٹ کی طرف مارچ ،دھرنا و تادم مرگ بھوک ہڑتال کرینگے اور پھر ویج ایوارڈ کا نوٹیفیکیشن لیکر ہی اٹھیں گے۔
تازہ ترین