• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راؤ انوار کی ٹیم کا شوٹر شکیل احمد ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

راؤ انوار کی ٹیم کا شوٹر شکیل احمد ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

نقیب اللہ محسود قتل کیس میں گرفتار راؤ انوار کی ٹیم کے شوٹر پولیس اہلکار کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایک ہفتے کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم شکیل احمد کو گزشتہ رات ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم اسی تھانے میں تعینات تھا جو سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت کے اعتماد کا اہلکار تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم 13 جنوری 2018 کو نقیب اللہ محسود اور تین دیگر افراد کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کرنے کی کارروائی میں فائرنگ کرنے میں شریک تھا۔

موبائل فون کال ڈیٹا ریکارڈ میں بھی ملزم شکیل کی جائے وقوع پر موجودگی ثابت ہوچکی ہے۔ پولیس کانسٹیبل شکیل کو آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں حفاظتی انتظامات کے تحت پیش کیا گیا۔

پولیس نے نقیب اللہ محسود قتل کیس کے مقدمے میں ملزم کا دو ہفتے کا ریمانڈ دینے کی اپیل کی تھی۔

عدالت نے ملزم کو ایک ہفتے کے ریمانڈ پر 21 اپریل تک پولیس کے حوالے کردیا۔

مقدمے کے تفتیشی افسر ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر رضوان احمد کے مطابق نقیب قتل کیس میں راؤ انوار احمد اور ڈی ایس پی قمر شیخ سمیت 11 پولیس اہلکار پہلے ہی گرفتار ہیں جبکہ مقدمے کے چالان کے مطابق تیرہ پولیس اہلکار مفرور ہیں۔ ملزم کا نام مقدمے کے چالان میں شامل نہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم کا نام نقیب قتل کیس کے عبوری چالان میں شامل کیا جائے گا۔

پولیس ذرائع کے مطابق دوران تفتیش ملزم نے ہو بہو وہی انکشافات کئے ہیں جو اس سے پہلے گرفتار چند پولیس اہلکار کرچکے ہیں۔

ملزم کے مطابق پولیس مقابلے کے دوران راؤ انوار احمد موقع پر موجود تھا جو فائرنگ کے دوران اپنی بکتربند گاڑی میں بیٹھا ہدایات دیتا رہا۔

ملزم کا جوائنٹ انٹروگیشن ٹیم کے سامنے بھی بیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین