• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 بیماریوں کے خلاف جادوئی خصوصیات کا حامل ’’ایووکاڈو آئل‘‘

جادوئی خصوصیات کا حامل ’’ایووکاڈو آئل‘‘

آپ دنیا بھر کہ ہردلعزیز پھل ایووکاڈو (مگرناشپاتی) کے بارے میں تو یقیناًجانتے ہوں گے۔ لیکن کیا آپ نے کبھی ایووکاڈو آئل استعمال کیا ہے؟ یہ آئل ایووکاڈو کے پھل سے حاصل کیا جاتا ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ اپنے پھل کے بیج سے نہیں بلکہ ایووکاڈو کے گودے(پھل) سے حاصل ہوتا ہے۔گودے سے حاصل ہونے والا یہ تیل صحت مندچکنائیوں جیسےOleic Acidاور بنیادی Fatty Acidsسے بھرپور ہوتا ہے۔ایووکاڈو آئل کی خاصیت یہ ہے کہ اسے ناصرف سلاد میں شامل کرکے کھایا جاسکتا ہے بلکہ کھانا پکانے میں بھی اس کا استعمال انتہائی مفید ہے۔

یورپ میں ایووکاڈو آئل کو طبی دوا کا درجہ کیوں دیا گیا؟

ایووکاڈو آئل کا شمار باآسانی روئے زمین پر دستیاب پانچ سب سے صحت مند آئلز میں کیا جاسکتا ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ایووکاڈو آئل ذبابیطس ، کولیسٹرول میں اضافے، موٹاپے اور گلیسرول اور تیزابی چربی سے پیدا ہونے والے مادے Triglycerideکو بڑھنے سے روکنے میں انتہائی مفید ہے۔جوڑوں کے مرض(Arthritis) کے خلاف ثابت شدہ مدافعتی خصوصیات رکھنے کے باعث یورپ نے اسے باقاعدہ طور پر طبی دوا (Prescription Drug)کا درجہ دے دیا ہے۔ یہ اور اس جیسی دیگر کئی وجوہات کے باعث ایووکاڈو آئل کو اپنے کچن کے خانے میں ضرور رکھیں، جسے آپ کھانے اور پکانے دونوں صورتوں میں استعمال کرسکتے ہیں۔

دیگر کئی آئلز کے مقابلے میں ایووکاڈو آئل بہتر ؟

کسی بھی تیل کو پکانے میں استعمال کرتے وقت ا س کے اسموک پوائنٹ( جس درجہ حرارت پر برتن میں تیل سے دھواں اُٹھنے لگتا ہے)کو دیکھنا ضروری ہوتا ہے۔فرائی پین میں جب تیل اپنے اسموک پوائنٹ کو پہنچتا ہے تو اس کے مرکبات بکھرنے (Decompose)لگتے ہیں، غذائیت ختم ہونے لگتی ہے، ذائقہ بدل جاتا ہے اور خطرناک بات یہ ہے کہ ایسے مرکبات جنم لے سکتے ہیں، جو آپ کی صحت کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں۔خوش قسمتی سے ایووکاڈو آئل کا اسموک پوائنٹ بہت بلند درجہ حرارت پر آتا ہے، اس وجہ سے یہ آپ کے کچن میں روز مرہ استعمال کے لیے اولین انتخاب بن جاتا ہے۔ ایووکاڈو آئل ایسی نباتاتی چربیوں (Monosaturated Fat) پر مشتمل ہے جو خون میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتی ہیں، اور اس وجہ سے یہ عمومی طور پر استعمال ہونے والے نقصان دہ تیل کے برعکس دل کو صحت بخشتا ہے۔

ایووکاڈو آئل اور اس کی غذائی طاقت

ایووکاڈو کا پھل سبز مائل یا پیلے مائل گودے پر مشتمل ، مکھن کی طرح لیس دا رہوتا ہے اور مونگ پھلی کی طرح کا بہت ہی زبردست ذائقے کا حامل ہوتا ہے۔ ایووکاڈو تھیامین (وٹامن بی)، ربوفلیون (Riboflavin)اور وٹامن اے سے بھرپور ہوتا ہے۔ اس کی کچھ ورائٹیز 25%فی صد تک نباتاتی تیل (MonuUnsaturated Oil)پر مشتمل ہوتی ہیں۔

دیگر اکثر پھلوں کے برعکس، جن میں کاربوہائیڈریٹس زیادہ ہوتے ہیں، ایووکاڈو اس لحاظ سے بھی منفرد ہے کہ اس میں صحت مند چربی زیادہ پائی جاتی ہے۔ایووکاڈو سے حاصل ہونے والا کچا(Unrefined) تیل عموماً سبز رنگ مائل او رچربی کی مہک لیے ہوتا ہے۔ ریفائن کرنے کے بعد اس کا رنگ پیلا اور چربی کی مہک ہلکی ہوجاتی ہے۔

ایووکاڈو آئل کا ایک چمچہ تقریباً 124کیلوریز، اور 14گرام چربی پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس طرح ایک چمچہ ایووکاڈو آئل چربی کی روزانہ کی 21%ضروریات پوری کرتا ہے۔ ہرچند کہ چربی کی موجودگی کو زیادہ محسوس کیا جاسکتاہے، تاہم اس میں 9.9%صحت مند نباتاتی Monosaturatedچربی ہوتی ہے، جب کہ 1.9%چربی Polysaturatedہ وتی ہے(یہ بھی صحت مند چربی ہے)۔ایووکاڈو میں کولیسٹرول یا Trans Fatsنہیں ہوتیں اور اس میں وٹامن ’ای‘ وافر مقدار میں موجود ہوتی ہے۔

ایووکاڈو آئل کے صحت کے فوائد 

1-بلڈ پریشر کم کرتا ہے

اگر آپ بلڈ پریشر کم کرنے یا صحت مند بلڈپریشر برقرار رکھنے کے قدرتی طریقوں کی تلاش میں ہیں تو ایووکاڈو آئل ذہانت مندانہ انتخاب ہوسکتا ہے۔ایووکاڈو آئل کا اگر اعتدال پسندانہ اور دیگر Saturatedاور Trans Fatsکی جگہ استعمال کیا جائے تو اس میں موجود نباتاتی (Monosaturated)چربیوں کا بلڈ پریشر اور دل پر مثبت اثر ہوتا ہے۔

امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کے جرنل میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، غذا میں کاربوہائیڈریٹس کی جگہ جزوی طور پرپروٹین اور Monosaturatedچربی کا استعمال کرکے بلڈپریشرکم ، حیاتی کیمیکل (Lipid)کی سطح میں اضافہ اور دل کے امراض کے خطرات کم کیے جاسکتے ہیں۔

2-جوڑوں کے مرض(Arthiritis) کی علامات کم کرتا ہے

Arthritisجوڑوں کا ایک ایسا مرض ہے، جس میں جوڑوں میں درد کے ساتھ ساتھ ان میں سوجن آجاتی ہے۔ علامات کی بنیاد پر اس مرض کو یا تو Osteoarthritisیا Rheumatoid Arthritisکا نام دیا جاتا ہے۔ Osteoarthritisکا مرض اس صورت میں ہوتا ہے، جب جوڑوں کے بیچ والی نرم ہڈی گھس جاتی ہے اور اس کے نتیجے میں درد اور سوزش محسوس ہوتی ہے۔ یہ بیماری ان جوڑوں میں ہوتی ہے، جو زیادہ استعمال میں آتے ہیں، جیسے گھٹنے، کولہے، ریڑھ کی ہڈی اور ہاتھ کے جوڑ۔ Rheumatoid Arthritisکا مرض اس صورت میںہوتا ہے جب جسم اپنے ہی خلاف قوت مدافعت کا استعمال (Autoimmune Dysfunction) شروع کردیتا ہے اور سفید خون کے خلیات نرم ہڈی کو تباہ کردیتے ہیں۔

فرانس میں Avocado Soybean Unsaponifiables (ASU)کو، ایووکاڈو اور سویابین آئل کے نچوڑکو ملا کر تیار کیا جاتا ہے۔ ان دو قسم کے آئل سے تیار ہونے والے محلول کو فرانس میںگھٹنے اور کوہلے کے Osteoarthritis کے خلاف بطور علاج استعمال کیا جاتا ہے، جسے وہاں سرکاری طور پر نسخہ جاتی دوا (Prescription Drug)کا درجہ حاصل ہے۔ سوزش کے خلاف قوت مدافعت بخشنے اور جوڑوں کے بیچ میں موجود کچی ہڈی کی نمو اور بحالی کی خصوصیت رکھنے کے باعث، ڈنمارک میں ASUکو غذائی سپلیمنٹ کے طور پر فروخت کیا جاتا ہے۔ اس لیے جوڑوں کے امراض کے خلاف اپنی غذا میں ایووکاڈو آئل کو ضرور شامل کریں۔

3-چنبل(Psoriasis)اور دیگر جلدی امراض میں فائدہ مند

امریکا میں 60لاکھ افراد جلد کے مرض سورائسز(چنبل) کا شکار ہیں۔ کسی بھی شخص کو عمر کےکسی بھی حصے میں یہ جلدی مرض ہوسکتا ہے، تاہم یہ بلوغت اور ڈھلتی عمر میں زیادہ ہوتا ہے۔اس بیماری میں انسانی جلد کی سطح کھردری، خشک اور لال ہوجاتی ہے اور جلد کے خلیے مردہ ہوجاتے ہیں۔ایووکاڈو کے استعمال سے اس مرض سے بھی چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔

4-دل کی صحت بہتر کرتا ہے اور کولیسٹرول کم کرتا ہے

ایووکاڈو آئل کولیسٹرول کم کرنے والی غذا ہے۔ اس میں صحت کے لیے فائدہ نباتاتی چربی Oleic Acid بڑی مقدار میں موجود ہوتی ہے، جس کے باعث یہ دل کے لیے فائدہ مند رہتاہے۔ دیگر اومیگا 9sکی طرح Oleic Acid بھیHigh Density Lipoprotein (HDL) کی سطح میں اضافہ کرکے دل کے امراض کے خطرات کم کرتا ہے۔HDLکو جسم کا ’’اچھا کولیسٹرول‘‘کہا جاتا ہے۔Oleic Acidاس لحاظ سے بھی فائدہ مند ہے کہ یہ جسم کے ’’برے کولیسٹرول‘‘ Low Density Lipoprotein (LDL)کی سطح کم کرتا ہے۔ اس بات کے بھی شواہد موجود ہیں کہ ایووکاڈو آئل میں موجودگی نباتاتی Fatty Acids اکلیلی شریان کی بیماریCoronary Heart Disease (CHD) کے خطرات بھی کم کرتے ہیں۔

5-غذائیت جذب کرنے کی صلاحیت میں اضافہ

غذائی جرنل میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق، غذا میں ایووکاڈو آئل شامل کرنے سے غذا میں شامل Carotenoids جلد جذب ہوجاتے ہیں۔ کیروٹینائڈز صحت بخش اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں، جن میں چربی جلد حل ہوجاتی ہے۔ تحقیق سے یہ بھی ثابت ہوا کہ سلاد میں ایووکاڈو آئل استعمال کرنے سے الفا کیروٹین، بیٹا کیروٹین اور لیوٹین (Lutein) جلدی جذب ہوجاتی ہیں۔ غذائی کیروٹینائڈز کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ خصوصاً کینسراور آنکھوں کے مخصوص امراض کے خطرات کم کرکے انسانی صحت کو فائدہ پہنچاتے ہیں۔

تازہ ترین