پاکستان میں رہنے والے لوگ چاہے وہ لاہور میں مقیم ہوں یا کراچی میں، سال میں ایک بار گرمی کا مزہ ضرور چکھتے ہیںاور یہ عرصہ کتنا طویل ہو، اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ملک میں موسم گرما اینٹری دے چکا ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے گرمی میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیاجارہاہے۔
ایسی صورت میں انسان کا دل کرتا ہے کہ وہ یاتوسوئمنگ پول میں چھلانگ لگادے یا پھرایسے مشروبات استعمال کرے جن کے ذریعے گرمی کا اثر دور کیا جاسکے۔
گرمی کی شدت جسم میں نمکیات کی کمی،چڑچڑاپن ،تھکاوٹ،کمزوری ، گھبراہٹ ،بد ہضمی ، پانی کی کمی ،نیند اورمعدے کے مسائل کا سبب بنتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ٹھنڈے اور فرحت بخش مشروبات موسم گرما کی پہلی طلب بن جاتے ہیں۔
طبی ماہرین بھی گرم موسم میں ٹھنڈے مشروبات کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیںان کا استعمال کہیں طمانیت کا احساس دلاتا ہے تو کہیں تندرستی و توانائی بحال کرنے کا ذریعہ بن جاتا ہے۔آئیے ذکر کرتے ہیں ان قدرتی مشروبات کا جو اس موسم میں گرمی کی شدت کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ آپ کو توانائی فراہم کرنے کا ذریعہ بھی بن سکتے ہیں۔
لیموں پانی (سکنجبین)
لیموں پانی لوگوں کا پسندیدہ اور موسم گرما کا بے حد مقبول مشروب ہے۔ سکنجبین کے بغیر موسم گرما کے مشروبات کی فہرست ادھوری لگتی ہے۔ لیموں پانی اینٹی آکسائیڈنٹس، فائبر اور کاربوہائیڈریٹ سے بھرپور ہوتا ہے ۔خون کی صفائی، مضبوط مدافعتی نظام، نظام انہضام کی بہتری اور وزن میں کمی لیموں پانی سے حاصل ہونے والے فوائد ہیں، لیمو پانی جسم کو ترو تازگی اور توانائی بخشتا ہے۔ یہ جلد کو رونق بخشنے سے لے کر، نزلہ زکام سے تحفظ اور گرمی میں موڈ کو خوشگوار رکھنے کے لیے بھی مفید ہے۔
بلیک بیری لیمنیڈ
سکنجبین کا ذکر تو ہم اکثر وبیشتر کرتے رہتے ہیں لیکن کیا آپ نے بلیک بیری سکنجبین کا نام سناہے ؟جی ہاں!بلیک بیری سکنجبین پینے میں مزیدار ہونے کے ساتھ ساتھ گرمی کی شدت کو کم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے ۔بلیک بیری سکنجبین بنانے کے لئے گرائنڈر میں لیموں کا عرق ،چینی، تھوڑی سی مقدار میں بلیک بیری ڈال کر گرینڈ کرلیں اور قدرتی خوبصورت رنگ لئے مشروب سے گرمی دور بھگائیں۔
ناریل پانی
’’ناریل پانی،، کا شمار گرمی کی تاثیر کم کرنے والے انرجیٹک ڈرنک میں کیا جاتا ہے۔ماہرین اسے طبی فوائد سے بھرپور ہونے کے باعث دنیا کے محفوظ ترین پانی کا درجہ دیتے ہیں۔ انسانی جسم میں گرمی سے ہوجانے والی پانی کی کمی کو پورا کرنے،کھیلوں کی سرگرمیوں اور ورزش کے بعد ناریل پانی کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔ناریل پانی میں موجود قدرتی مٹھاس اور منرلز گرمی کی شدت کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔سخت گرم موسم میں اس کا استعمال امیون سسٹم کو بہتر بنانےکے علاوہ اس کی قوت میں بھی کئی گنا اضافہ کرتا ہے۔
فالسے کا شربت
فالسے کو گرمیوں کی سوغات کہا جاتا ہے ۔ گرمیوں کی یہ کھٹی میٹھی سوغات اور ان کا جوس فرحت بخشتا اور گرمی کو دور بھگاتا ہے۔فالسوں میں پوٹاشیم، وٹامن سی،کیلشیم، فاسفورس اور فائبر سمیت اینٹی آکسیڈینٹ کی اچھی خاصی مقدار موجود ہوتی ہے ۔ فالسے کا شربت سخت گرم موسم میں بھی جسم میں پانی کی کمی پوری کرتا ہے۔ اس کو پینے سے پیاس کی شدت میں کمی اورگرمی کے خلاف قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق فالسے کا جوس سن ا سٹروک سے محفوظ رکھتا ہے۔
کچی لسی
کچی لسی کا نام آتے ہی پنجاب کا ماحول ذہن میں ابھر آتا ہے کیونکہ مختلف اقسام کی لسی پنجاب میں خاصی رغبت کے ساتھ پی جاتی ہے لیکن ماہرین موسم گرما میں کچی لسی کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں ا ن کے نزدیک کڑکتی گرمی میں کچی لسی پینے سے گرمی دور ہوتی ہے، یہ نمکیات کی کمی پوری کرنے والا مشروب ہے اور بی پی لو یا گرمی کے مارے آنے والی نیند کو بھی دور بھگاتا ہے۔
کیری کا شربت
پاکستان کی جھلستی گرمی کاتوڑ ،سن اسٹروک سے محفوظ رکھنے کا ذریعہ کیری کے شربت کو کہا جاتا ہے اگرچہ کیری سے بنایا جانے والا مشروب بےحد کھٹا ہوتاہے لیکن لو لگنے نہیں دیتا اور ملازمت پیشہ یا باہر نکلنے والے افراد کے لئے گرمی میں بے حد ضروری مشروب سمجھاجاتا ہے۔ اکثر خواتین کیری کا مشروب بنانے کے طریقہ کار سے لاعلم ہوتی ہیں جبکہ اس جوس کو بنانانہایت آسان ہے ۔
کیری ابال کر گٹھلی اور چھلکے نکال کر اسے اچھی طرح میش کرلیں۔ گلاس میں پہلے برف اسکے بعد آدھا چمچ ذیل میں دیاگیا مسالحہ اور کیری کا پلپ اور ٹھنڈا پانی ڈال کر انجوائے کریں۔اگر تھوڑی چینی شامل کرنا چاہیں توکرلیں۔
کیری کا پلپ :پسی کالی مرچ ، کالا نمک، بھناپسازیرہ،بھنی پسی اجوائن ،اور نمک حسب ذائقہ مکس کرکے بوتل میں بھر کر رکھ لیں اسے تیار کرنے کے بعد اپنی آسانی کے لئے فریج میں ایئر ٹائٹ شیشے کی بوتل میں رکھ سکتے ہیں۔
پیچ لیمنیڈ
پیچ لیمینیڈ کا شمار بھی موسم گرما کے مشروبات میں کیا جاتا ہے اگر آپ بھی آڑو کے شوقین ہیں موسم گرما میں پیچ لیمنیڈ جوس کا باقاعدہ استعمال گرمی بھگانے میں مفید ثابت ہوسکتا ہے ۔اس جوس کوبنانے کے لئےآڑو ،لیموں کا عرق ،چینی اور پانی کو گرینڈ کیا جاتا ہے جس کے بعد مزیدار پیچ لیمنیڈ سے لطف اٹھایا جاسکتا ہے۔