• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمیونٹی برطانیہ اور پاکستان میں فلاحی کاموں میں مزید جوش و خروش سے حصہ لے، عامر آفتاب قریشی

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل /علامہ عظیم جی) گرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال میں پاکستان بھر کے غریب و نادار مریضوں کے ساتھ صاحب استعداد افراد کے جوڑوں، ہڈیوں کے ٹوٹنے اور گھٹنوں وغیرہ کے آپریشن کو کامیابی کے ساتھ جدید ترین ٹیکنالوجی سے سرانجام دیا جاتا ہے، اب سائبر نائف نامی ایک نیا شعبہ قائم کیا جارہا ہے جو موذی مرض کینسر کے علاج کے لئے ایک انقلابی قدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار قونصل جنرل مانچسٹر عامر آفتاب قریشی نے ہسپتال کے سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں بسنے والے ہم وطن یہاں پر اور مادر وطن میں خیراتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر تعمیری کردار ادا کررہے ہیں، ہمیں آپ لوگوں پر فخر ہے اور آپ مزید جوش و جذبہ سے بڑھ کر رفاعی کاموں میں حصہ لیں۔ ممبر برطانوی پارلیمنٹ و شیڈو وزیر افضل خان کا کہنا تھا کہ خوشی کی بات ہے کہ ٹرسٹ پاکستان میں ایک ایسا کام کررہاہے جو ہم سب کے لئے باعث فخر ہے برطانیہ بھر میں بسنے والے پاکستانی و کشمیری مادر وطن کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں اس طرح کے دیگر منصوبہ جات میں دل کھول کر امداد دیتے ہیں۔ ٹرسٹ کے برطانیہ میں چیئرمین چوہدری محمد طفیل کا گرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال کے سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر کے موقع پر کہنا تھا کہ دس سال پہلے انہوں نے اس کام کا بیڑا اٹھایا تھا، بلا معاوضہ، صاف نیت سے کام شروع کیا، مخیر حضرات اور اپنی کمیونٹی نے دل کھول کر امداد دی اور آج ٹرسٹ ترقی کے سفر کی جانب گامزن ہے اور وہ لوگ جو علاج معالجہ کرانے کی سکت نہیں رکھتے ان کا مفت علاج آپ لوگوں کی مدد و تعاون سے ممکن ہوا ہے۔فنڈ ریزنگ کی نظامت ہناز صدیق جب کہ چندہ جمع کرنے کے لئے نعیم نے اپنے مخصوص اور مدلل انداز بیان سے حاضرین سے اپیل کرکے تقریباً ڈیڑھ لاکھ پونڈز سے زائد کا چندہ اکٹھا کیا، تلاوت کلام پاک ڈاکٹر یونس پروازنے کی، چیرٹی ڈنر میں سیاسی، سماجی، کاروباری شخصیات نے شرکت کی، قوالی کا پروگرام بھی پیش کیا گیا۔

تازہ ترین