کراچی کے علاقے بہادر آباد میں اغوا اور فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں اغوا اور اقدام قتل کی دفعات عائد کی گئی ہیں، مغوی کے اہل خانہ سے اب تک اغوا کاروں نے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔
جمعہ کی شام بہادر آباد کے علاقے کوکن سوسائٹی میں نوجوان کے اغوا کا واقعہ پیش آیا تھا، ڈبل کیبن گاڑی نے موٹر سائیکل سوار افراد کو روکا اور ایک شخص صفی اللّٰہ کو اپنی گاڑی میں بٹھالیا جس پر اس کے دوست ضیاء نے مزاحمت کی تو اسے ٹانگ پر گولی مار کر زخمی کردیا جبکہ دیگر کو پارک کی طرف منہ کرکے کھڑا کردیا اور فرار ہوگئے تھے۔
ہفتہ کو پولیس نے مغوی صفی اللّٰہ کے ساتھ موجود اس کے دوست ساحل کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔
مدعی کے مطابق وہ لوگ پارک کے قریب سے ٹک ٹاک بنا کر آرہے تھے کہ ایک ڈبل کیبن گاڑی نے انہیں روکا اور اس میں سے اترنے والوں نے کہا کہ وہ لوگ پولیس والے ہیں، تمام افراد شلوار قمیض پہنے ہوئے تھے جبکہ ان کے پاس اسلحہ بھی موجود تھا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مغوی صفی اللّٰہ کے اہل خانہ سے اب تک اغوا کاروں نے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے، چاروں دوست یوٹیوبرز ہیں اور واقعے سے قبل بھی وڈیو بنانے میں ہی مصروف تھے۔
اغوا کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں جبکہ موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کیا جارہا ہے جس کے بعد ہی تحقیقات میں پیش رفت ہوسکے گی۔