• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری اور نیازی عوامی خدمت کے جذبے سے عاری ہیں، شہباز

زرداری اور نیازی عوامی خدمت کے جذبے سے عاری ہیں، شہباز

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہےکہ زرداری اور نیازی عوامی خدمت کے جذبے سے عاری ہیں، دونوں نے خیبر پختونخوا اور سندھ میں عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، تبدیلی کے علمبرداروں نے خیبرپختونخوا کا حلیہ بگاڑ کررکھ دیا ہے۔

لاہورسےجاری بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نےروزِاول سے عوام کی خدمت کو شعار بنایا،ان کاماضی اورحال عوام کی خدمت سے عبارت ہے، دھرنے دے کر اورجھوٹ بول کر قوم کا وقت برباد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں میٹروبس کے نام پر شہر کو اکھاڑ کر رکھ دیا گیا ہے، میٹروبس پر تنقید کرنے والوں میں بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کی اہلیت ہی نہیں، روشنیوں کے شہر کراچی کی ابترصورت حال دیکھ کر دل جلتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے وفاقی وزراء اور ارکان اسمبلی نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے کے تمام شہروں،قصبوں اور دیہات میں یکساں ترقی کاویژن ن لیگ کااعزازہے۔

وفاقی وزراء اور ارکان اسمبلی نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے بھی ملاقات کی، برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت اوردیگر سماجی شعبوں میں پنجاب حکومت کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے منصوبوں میں شفافیت،معیار اور رفتار کے نئے باب رقم کئے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں ملی ہیں، سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے کئے گئے متفقہ فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

تازہ ترین