• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری اور نیازی عوامی خدمت کے جذبے سے عاری ہیں،شہبازشریف

لاہور(خصوصی نمائندہ،مانیٹرنگ سیل) صدر مسلم لیگ ن ،وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے کہا ہے کہ زرداری اور نیازی عوامی خدمت کے جذبے سے یکسر عاری ہیں، عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خدمات مثالی ہیں،جنوبی پنجاب کیلئے 42فیصد ترقیاتی بجٹ مختص کرنا مسلم لیگ(ن) کا اعزاز ہے،قائداعظم محمد علی جناحؒ کا پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارکابینہ اجلاس کی صدارت کے موقع پر خطاب کرتے اورگورنر پنجاب، وزراء اور اراکین اسمبلی سےدوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قانون کے متعدد مسودات اورترمیمی بلوں کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے وثیقہ نویسی کے پیشے کو ریگولیٹ اور سپروائز کرنے کیلئے رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترمیم کے علاوہ پنجاب فشریز آرڈیننس 1961 اور فشریز ایکٹ 1999 میں ترامیم اور640 میگاواٹ کے آزاد پتن ہائیڈرو پراجیکٹ کیلئے پنجاب کی حدود میں اراضی فراہم کرنے ،پنجاب جنرل پراویڈنٹ انویسٹمنٹ فنڈ ایکٹ 2009 کے تحت لانگ ٹرم سرمایہ کاری کرنے کے اقدام کی منظوری بھی دےدی۔ اجلاس میں زرعی مارکیٹنگ ریفارمز کا فیصلہ کیاگیا اورپنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2018 کی منظوری دی گئی۔انسانی حقوق کے بارے میں پنجاب پالیسی،جبری مشقت کے خاتمے کے ایکٹ 1992 میں مجوزہ ترامیم کیلئے مسودہ ترمیمی بل کی منظوری دی گئی جبکہ اجلاس میں کابینہ کے 29 ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی اورکابینہ کمیٹی برائے خزانہ و ترقیات کی 43ویں سے 54 ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔اجلاس میں پنجاب دانش سکولز اینڈ سنٹرز آف ایکسی لینس اتھارٹی کی کارکردگی کی رپورٹس برائے 2010-14 پیش کی گئیں اوراجلاس میں پنجاب دانش سکولز کی کارکردگی رپورٹس کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔وزیراعلیٰ نےصوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ پنجاب حکومت نے دانش سکولز کے ذریعے یتیم بچوں اور بچیوں کو ان کو حق دیا ہے اوران دانش سکولزنے ہزاروں بچوں اور بچیو ں پر دست شفقت رکھا ہے۔ پنجاب حکومت نے دانش سکولز نہ بنائے تو یہ ہیرے مٹی کی دھول میں گم ہو جاتے۔ پنجاب حکومت نے ایک وژن کے تحت دانش سکولز کی آبیاری کی ہے اورکم وسیلہ اور یتیم بچوں کو یہ شاندار نظام دیا ہے۔کابینہ کے اجلاس میں پنجاب حکومت کے اپنے وسائل سے بنائے جانے والے 1263 میگاواٹ کے گیس پاور پراجیکٹ کی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ شہبازشریف سے گورنر پنجاب محمدرفیق رجوانہ نے ملاقات کی جس میں سیاسی اورباہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال ہوا۔ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جنوبی پنجاب سمیت صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کی تیزی سے تکمیل عوام کیلئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے اور جنوبی پنجاب کیلئے 42فیصد ترقیاتی بجٹ مختص کرنا مسلم لیگ(ن) کا اعزاز ہے۔وزیر اعلیٰ نے گورنر ملک محمد رفیق رجوانہ کے صاحبزادے ملک محمد آصف رجوانہ کی عیادت بھی کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا-شہبازشریف سےپاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو(Mr. Thomas Drew)نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے ملاقات میں پنجاب میں ترقی کو سراہا اورکہا کہ آپ کا ترقیاتی ویژن قابل تحسین ہے ۔ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کا پاکستان اپنی حقیقی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے کئے گئے متفقہ فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیاں ملی ہیں جس کے نتیجے میں 2013 کی نسبت 2018 کا پاکستان زیادہ محفوظ، پرامن ، معاشی طور پر مستحکم اور خوشحال ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے برطانوی ہائی کمشنر کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔وزیراعلیٰ سے وفاقی وزراء اور مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی اورشہبازشریف کی قیادت پر اظہار اعتمادکیا۔ شہبازشریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خدمات مثالی ہیں۔صوبے کے تمام شہروں ،قصبوں اوردیہات میں یکساں ترقی کا ویژن مسلم لیگ(ن) کا اعزاز ہے ۔انہوں نے کہاکہ نام نہاد تبدیلی کے نام پر دھرنے دے کر اورجھوٹ بول کر قوم کا وقت برباد کیا گیا ہے۔تبدیلی کے علمبرداروں نے خیبرپختونخواہ کا حلیہ بگاڑ کررکھ دیا۔زرداری اور نیازی عوامی خدمت کے جذبے سے یکسر عاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں نے خیبرپختونخواہ اور سندھ میں عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ 2018ء کے انتخابات میں کامیاب ہوکر عوام کی خدمت کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔وفاقی وزراء اوراراکین اسمبلی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد شہبازشریف عوا م کی ترقی اورخوشحالی کا استعارہ ہیں۔ملاقات کرنیوالوں میں وفاقی وزیر آبی ذخائر سید جاوید علی شاہ،وزیر مملکت بین الصوبائی روابط ڈاکٹر درشن،رکن قومی اسمبلی اسفن یار ایم بھنڈارا،وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد، رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا،مسلم لیگ(ن) کے رہنماء حاجی عرفان احمد خان ڈاہا اورڈاکٹر عمر ظفر جھگڑاشامل تھے۔ شہباز شریف نے مقامی ہوٹل میں ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی 92 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی اور برطانوی ہائی کمشنر تھامس اینڈریو کے ساتھ مل کر ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی سالگرہ کا کیک کاٹا - وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکہ برطانیہ کی 92 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کو اعزاز سمجھتا ہوں، ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی قیادت میں دولت مشترکہ ممالک ترقی و استحکام کی جانب گامزن ہیں ، برطانوی حکومت نے برصغیر میں ریلوے اور آئین سازی جیسی خدمات سرانجام دیں -انہوں نے کہا کہ پاک برطانیہ دوستی کی اہمیت سے آگاہ ہیں اور اسے مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں - شہباز شریف کیک کاٹنے کے بعد تقریب کے شرکاء میں گھل مل گئے - انہوں نے حاضرین سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور احوال دریافت کرتے رہے -  
تازہ ترین